بشریٰ انصاری کی یوٹیوب کی آمدن کتنی ہے؟ ’لوگ جتنا سمجھتے ہیں، حقیقت اس سے بالکل مختلف ہے‘
بشریٰ انصاری کی یوٹیوب کی آمدن کتنی ہے؟ ’لوگ جتنا سمجھتے ہیں، حقیقت اس سے بالکل مختلف ہے‘
ہفتہ 18 جولائی 2026 18:48
اداکارہ بشری انصاری کی عمر 70 برس ہے (فوٹو: یوٹیوب)
پاکستانی شوبز انڈسٹری کی مشہور ادکارہ بشریٰ انصاری نے اپنی یوٹیوب آمدنی سے متعلق گردش کرنے والی افواہوں پر وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’لوگ جتنا سمجھتے ہیں، حقیقت اس سے بالکل مختلف ہے۔‘
بشریٰ انصاری نے حال ہی میں اداکارہ اور میزبان نادیا خان کے ساتھ ایک یوٹیوب وی لاگ میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے یوٹیوب وی لاگنگ کا آغاز نادیا خان اور جویریہ سعود کی حوصلہ افزائی پر کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ’میں باقاعدگی سے وی لاگنگ کر رہی تھی، لیکن آسٹریلیا کے دورے کے باعث تسلسل برقرار نہ رہ سکا۔ اب دوبارہ وی لاگز شروع کر دیے ہیں اور سب کچھ ٹھیک چل رہا ہے۔‘
بشریٰ انصاری نے یوٹیوب سے ہونے والی کمائی کے بارے میں بات کرتے ہوئے بتایا کہ ’ایسا بالکل نہیں ہے کہ میں یوٹیوب سے دس ہزار ڈالر کما رہی ہوں، جیسا کہ لوگ دعویٰ کرتے ہیں۔ بہت سے لوگوں کا خیال ہے کہ ہم یوٹیوب سے بہت بڑی آمدنی حاصل کرتے ہیں، لیکن حقیقت ایسی نہیں ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’شوبز سے وابستہ افراد کی دیگر پیشہ ورانہ مصروفیات بھی ہوتی ہیں، جس کی وجہ سے باقاعدگی سے وی لاگ بنانا آسان نہیں ہوتا۔‘
ان کے مطابق ’ٹی وی ڈراموں کی شوٹنگ، مختلف تقریبات میں شرکت، سفری مصروفیات اور دیگر پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کے باعث ہر روز نیا اور معیاری مواد تیار کرنا ایک بڑا چیلنج ہوتا ہے۔‘
وہ کہتی ہیں کہ ’یوٹیوب پر کامیابی کے لیے مستقل مزاجی، وقت اور محنت درکار ہوتی ہے، اسی لیے یہ تصور درست نہیں کہ ہر معروف شخصیت صرف یوٹیوب سے ہی لاکھوں یا کروڑوں روپے کما رہی ہوتی ہے۔‘
اداکارہ نے بتایا کہ وہ جلد کینیڈا کا دورہ کریں گی اور وہاں سے بھی اپنے مداحوں کے لیے وی لاگز بنائیں گی تاکہ انہیں اپنی مصروفیات اور سفر کے دلچسپ لمحات سے آگاہ رکھ سکیں۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ ’شوٹنگ کے ساتھ ساتھ وی لاگنگ کرنا آسان کام نہیں، کیونکہ دونوں کے لیے الگ وقت اور توجہ درکار ہوتی ہے۔‘
واضح رہے کہ بشریٰ انصاری پاکستان کی صفِ اول کی فنکاراؤں میں شمار ہوتی ہیں، جنہوں نے کئی دہائیوں پر محیط اپنے فنی کیریئر میں متعدد کامیاب ڈراموں، مزاحیہ پروگراموں اور ٹی وی شوز میں یادگار کردار ادا کیے ہیں۔
وہ اس وقت جیو ٹی وی کے مقبول ڈرامہ ’شیدائی‘ میں اپنی شاندار اداکاری کے باعث ناظرین کی بھرپور داد سمیٹ رہی ہیں، جبکہ ان کا یوٹیوب چینل بھی مداحوں میں تیزی سے مقبول ہو رہا ہے۔