جدہ میں ورلڈ کپ فین ایونٹ میں ایک لاکھ سے زیادہ افراد کی شرکت
اس ایونٹ میں جدہ کا سب سے بڑا فین زون بنایا گیا تھا (فوٹو: ایس پی اے)
جدہ میں ایک مہینے تک جاری رہنے والی ’لیو دی ورلڈ کپ‘ کی سرگرمیاں گزشتہ روز اختتام پذیر ہوگئیں جس میں ایک لاکھ سے زائد شائقین کی آمد ریکارڈ کی گئی۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق اس ایونٹ کے ذریعے شائقین کو دلچسپی سے بھرپور تجربہ حاصل ہوا جہاں لائیو میچ سکریننگ کے ساتھ ساتھ تمام عمر کے افراد کے لیے دلچسپ سرگرمیاں بھی شامل تھیں۔
اس ایونٹ میں جدہ کا سب سے بڑا فین زون بنایا گیا تھا جو بڑی سکرینوں، لائیو میچ دیکھنے کے لیے مخصوص علاقوں، ای سپورٹس کے مقابلوں، جدید تکنیکی تفریح اور ورلڈ کپ کے تھیم پر مبنی فوٹو سے بھرپور تھا۔
ایونٹ میں شائقین نے کھانے اور خریداری کے بہترین مواقع سے فائدہ اٹھایا۔ اس تمام تر انتظام نے ایک انتہائی پُرجوش ماحول قائم رکھا اور ایونٹ کے دوران لوگوں کو ورلڈ کپ کا مکمل اور شاندار تجربہ فراہم کیا۔
