Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

میسی کو رونالڈو پر ترجیح؟ فیفا ورلڈ کپ نشریات میں شعیب اختر کی موجودگی زیرِبحث

شعیب اختر کی فٹبال پینل میں موجودگی سوشل میڈیا پر بحث کا موضوع بن گئی (فائل فوٹو: گیٹی امیجز)
پاکستان میں فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل کی نشریات کے دوران سابق پاکستانی فاسٹ بولر شعیب اختر کی فٹبال پینل میں موجودگی سوشل میڈیا پر بحث کا موضوع بنی ہوئی ہے، جہاں انہوں نے لیونل میسی اور کرسٹیانو رونالڈو کے درمیان ’گریٹسٹ آف آل ٹائم‘ کی بحث پر اپنی رائے کا اظہار کیا۔ 
پاکستان ٹیلی ویژن اور ٹیپ میڈ کے ورلڈ کپ فائنل پینل میں گفتگو کرتے ہوئے شعیب اختر نے کہا کہ ’کرسٹیانو رونالڈو فٹ بال کی تاریخ کا سب سے بڑا برینڈ ہیں‘، جن کی مقبولیت سے فیفا اور مختلف لیگز نے گذشتہ کئی برسوں میں بھرپور فائدہ اٹھایا۔
تاہم ان کا کہنا تھا کہ ’فٹ بال صلاحیت کے اعتبار سے لیونل میسی کا کوئی مقابلہ نہیں۔‘
شعیب اختر نے کہا کہ رونالڈو ایک غیر معمولی کھلاڑی ہیں، لیکن اگر صرف کھیل کی بات کی جائے تو میسی ایک الگ ہی درجے کے فٹبالر ہیں۔
انہوں نے سابق بارسلونا کوچ پیپ گارڈیولا کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ میسی میچ کے ابتدائی حصے میں مخالف ٹیم کا کھیل پڑھتے ہیں اور پھر مناسب وقت پر اچانک کھیل کا رُخ بدل دیتے ہیں۔
 ورلڈ کپ فائنل کے بعد جہاں سپین کی فتح اور میسی کی شکست زیرِبحث رہی، وہیں شعیب اختر کی فٹ بال پر رائے اور ان کی پینل میں موجودگی بھی سوشل میڈیا کے نمایاں ٹرینڈز میں شامل رہی۔ 
سوشل میڈیا پر شعیب اختر کی گفتگو سے زیادہ ان کی ’فٹ بال پینل میں موجودگی‘ زیرِبحث رہی۔
ایکس، فیس بک اور دیگر پلیٹ فارمز پر متعدد صارفین نے سوال اٹھایا کہ ’ورلڈ کپ فائنل جیسے بڑے فٹبال ایونٹ کے تجزیے کے لیے سابق کرکٹر کو کیوں مدعو کیا گیا؟‘

کچھ صارفین نے طنزیہ انداز میں لکھا کہ ’یہ وہ منظر ہے جسے ہم نے جی ٹی اے 6 کی ریلیز سے پہلے دیکھ لیا،‘ جبکہ بعض نے اسے ’غیر متوقع مگر دلچسپ‘ قرار دیا۔

دوسری جانب کئی صارفین نے شعیب اختر کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ وہ فٹبال کے دیرینہ مداح ہیں اور کھیل کے بارے میں اچھی معلومات رکھتے ہیں، اس لیے ان کی رائے سننا دلچسپ تھا۔ بعض صارفین نے ان کے تبصرے کو ’ایبسولوٹ سنیما‘ بھی قرار دیا۔

شیئر: