کیا سمارٹ فون کے زیادہ استعمال سے آپ کے انگوٹھے یا ہاتھ میں درد رہتا ہے؟
کیا سمارٹ فون کے زیادہ استعمال سے آپ کے انگوٹھے یا ہاتھ میں درد رہتا ہے؟
اتوار 26 جولائی 2026 18:08
سمارٹ فون کے گھنٹوں استعمال سے ہاتھوں پر دباؤ بڑھ جاتا ہے: فوٹو پکسابے
اگر سمارٹ فون استعمال کرتے ہوئے آپ کے انگوٹھے یا ہاتھ میں درد، اکڑن یا سن ہونے جیسی علامات محسوس ہوتی ہیں تو اس کی وجہ مسلسل ٹائپنگ اور سکرولنگ بھی ہو سکتی ہے۔
انڈین ویب سائٹ فرسٹ پوسٹ میں شائع ہونے والی ایک تحقیق میں کہا گیا ہے کہ ماہرین کے مطابق ’ٹیکسٹرز تھمب‘ ایسی متعدد تکالیف کے لیے استعمال ہونے والی اصطلاح ہے جو موبائل فون کے زیادہ استعمال سے پیدا ہوتی ہیں۔
اس میں انگوٹھے کے جوڑ میں درد، انگلیوں کی اکڑن، انگوٹھا موڑنے پر کلک کی آواز یا جوڑ کے قریب درد کا احساس شامل ہے۔
اگر اس مسئلے پر توجہ نہ دی جائے تو بار بار ٹائپنگ اور سکرولنگ مستقبل میں مختلف طبی مسائل کا باعث بن سکتی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ موبائل فون کے زیادہ استعمال کے نقصانات کے بارے میں برسوں سے خبردار کیا جا رہا ہے، تاہم آج کے دور میں سمارٹ فون کا استعمال اب صرف کالز اور پیغامات تک محدود نہیں رہا جس کی وجہ صحت کے حوالے سے مختلف مسائل بڑھ رہے ہیں۔
اب لوگ گھنٹوں سوشل میڈیا سکرول کرتے ہیں، بل ادا کرتے ہیں، فلمیں اور ٹی وی پروگرام دیکھتے ہیں، جس سے ہاتھوں پر دباؤ بڑھ جاتا ہے۔
یونیورسٹی آف کینٹکی ہیلتھ کیئر ہینڈ سینٹر سے وابستہ ڈاکٹر مورین اوشاگنیسی کے مطابق’موبائل فون ہماری زندگی کا مستقل حصہ بن چکے ہیں، اس لیے ہمیں ان کے استعمال کا ایسا طریقہ سیکھنا ہوگا جو ہمارے جسم کے لیے نقصان دہ نہ ہو۔‘
درد سے کیسے بچا جا سکتا ہے؟
سمارٹ فون کے زیادہ استعمال کے نقصانات کے بارے میں برسوں سے خبردار کیا جا رہا ہے: فائل فوٹو پکسابے
ماہرین کے مطابق کئی گھنٹوں تک کلائی اور کہنی کو ایک ہی حالت میں رکھنے سے انگوٹھے اور کلائی کے نچلے حصے میں درد شروع ہو سکتا ہے، جبکہ فون کو مسلسل ایک ہی انداز میں پکڑے رکھنے سے دوسری انگلیاں بھی تھک جاتی ہیں۔
ڈاکٹر اوشاگنیسی کا کہنا ہے کہ ’اکثر لوگوں کو اس درد کا احساس اس وقت ہوتا ہے جب وہ چھٹیوں کے دوران فون کم استعمال کرتے ہیں، کیونکہ اس دوران ہاتھوں کی تکلیف خود بخود کم ہونے لگتی ہے۔‘
ان کے مطابق اس مسئلے سے بچنے کا آسان ترین طریقہ فون کا استعمال محدود کرنا یا سکرولنگ کے دوران وقفے لینا ہے۔
اگر فون سے دور رہنا مشکل ہو تو بیٹھنے اور فون پکڑنے کا انداز تبدیل کریں، کبھی ایک اور کبھی دوسرے ہاتھ سے ٹائپ کریں، اور صرف انگوٹھے کے بجائے دوسری انگلیوں کا بھی استعمال کریں۔
وائس ٹو ٹیکسٹ فیچر کی سہولیات بھی مددگار ثابت ہو سکتی ہیں
ماہرین کا کہنا ہے کہ فون میں موجود وائس ٹو ٹیکسٹ فیچر استعمال کر کے ٹائپنگ کم کی جا سکتی ہے، جبکہ فون کا فونٹ بڑا کرنے سے اسے آنکھوں کے بہت قریب رکھنے کی ضرورت نہیں رہتی۔
اسی طرح فون کے پچھلے حصے پر لگائے جانے والے رنگ یا گرپ ہولڈر فون کا وزن پورے ہاتھ پر تقسیم کرتے ہیں اور ویڈیوز دیکھنے کے لیے سٹینڈ کا کام بھی دیتے ہیں۔
ہاتھوں کی ورزش بھی ضروری
اگر دن بھر فون استعمال کرنے کے بعد ہاتھوں میں درد محسوس ہو تو روزانہ کلائی اور انگلیوں کی ہلکی ورزش کریں۔