Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سمارٹ فون کے استعمال میں کمی کے لیے نئی ڈیوائس ’برک‘ جو صارفین میں مقبول ہو رہی ہے

یہ ڈیوائس سوشل میڈیا سے چھٹکارا حاصل کرنے میں معاونت فراہم کرتی ہے (فوٹو: برک)
دنیا بھر میں سمارٹ فون کے بڑھتے ہوئے استعمال اور سوشل میڈیا کی لت سے نجات کے لیے مختلف ایپس اور ٹولز متعارف کرائے جا چکے ہیں، تاہم ایک نئی ڈیوائس ’برک‘ (Brick) صارفین کی توجہ حاصل کر رہی ہے۔
اس  کے بارے میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ یہ سکرین ٹائم کم کرنے میں روایتی ایپس سے زیادہ مؤثر ثابت ہو رہی ہے۔
’ٹیک کرنچ‘ کے مطابق برک ایک چھوٹی مقناطیسی اور این ایف سی ٹیکنالوجی سے لیس ڈیوائس ہے جو صارفین کو اپنے فون پر مخصوص ایپس یا فیچرز تک رسائی محدود کرنے کی سہولت دیتی ہے۔
اس کی خاص بات یہ ہے کہ پابندیاں ختم کرنے کے لیے صارف کو جسمانی طور پر فون کو برک کے ساتھ ٹچ کرنا پڑتا ہے، جس سے غیر ضروری طور پر سوشل میڈیا یا دیگر ایپس کھولنے کا رجحان کم ہو جاتا ہے۔
برک کے شریک بانی زیک ناسگووٹز کے مطابق ’اس ڈیوائس کا خیال ذاتی ضرورت کے تحت سامنے آیا کیونکہ سمارٹ فونز لوگوں کی روزمرہ زندگی میں غیر ضروری مداخلت کر رہے تھے اور موجودہ سافٹ ویئر حل اس مسئلے کا مؤثر علاج ثابت نہیں ہو رہے تھے۔‘
متعدد صارفین نے برک کو اپنی نیند کے معمولات بہتر بنانے کے لیے استعمال کیا ہے۔ اس کے ذریعے رات کے اوقات میں سوشل میڈیا اور دیگر توجہ بٹانے والی ایپس خودکار طور پر بلاک کی جا سکتی ہیں جبکہ کالز، میسجنگ اور آڈیو ایپس جیسی ضروری سہولیات دستیاب رہتی ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ روایتی سکرین ٹائم ایپس کو باآسانی نظر انداز یا بند کیا جا سکتا ہے، جبکہ برک صارف کے لیے ایک اضافی رکاوٹ پیدا کرتی ہے جو اسے سوچ سمجھ کر فون استعمال کرنے پر مجبور کرتی ہے۔
برک کے شریک بانی ٹی جے ڈرائیور کے مطابق ’صرف قوتِ ارادی پر انحصار کرنے کے بجائے ایسا ماحول بنانا زیادہ مؤثر ہے جو غیر ضروری فون استعمال کو خود بخود محدود کر دے۔‘

ڈیوائس میں ’ایمرجنسی ان برک‘ کا فیچر بھی موجود ہے، جس کے ذریعے ہنگامی صورتحال میں صارف مخصوص ایپس تک فوری رسائی حاصل کر سکتا ہے، مثلاً نقشہ جات یا ٹیکسی سروسز کی ایپس۔
حالیہ برسوں میں بہت سے لوگ سمارٹ فونز سے دوری اختیار کرنے اور سادہ یا ’ڈمب فونز‘ استعمال کرنے میں دلچسپی ظاہر کر رہے ہیں، تاہم جدید طرزِ زندگی میں فونز کی اہمیت کے باعث مکمل طور پر سمارٹ فون ترک کرنا اکثر ممکن نہیں ہوتا۔ ایسے میں برک کو ایک درمیانی حل قرار دیا جا رہا ہے جو صارفین کو اپنی ضرورت کے مطابق فون کو کم یا زیادہ محدود کرنے کی سہولت دیتا ہے۔
ماہرین کے مطابق سکرین ٹائم کم کرنے کی تحریک کا مقصد ٹیکنالوجی کو ترک کرنا نہیں بلکہ اس کے استعمال پر دوبارہ کنٹرول حاصل کرنا اور اسے شعوری انداز میں استعمال کرنا ہے۔

شیئر: