سعودی عرب کی ثقافت اور قومی ورثے کے شعبے میں تاریخی کامیابیاں
یہ تمام تر کامیابیاں سعودی وژن 2030 کے اہداف کو پورا کرنے میں اس شعبے کی مسلسل پیشرفت کو نمایاں کرتی ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
کوالٹی آف لائف پروگرام کے تحت ثقافت اور قومی ورثے کے شعبے نے سال 2025 میں شاندار کامیایاں حاصل کی ہیں جہاں اہم اشاریوں میں نہ صرف طے شدہ اہداف کو پیچھے چھوڑ دیا گیا بلکہ کئی ایسی حکمتِ عملیوں پر مبنی اقدامات شروع کیے گئے جن سے مملکت کی ثقافتی شناخت اور معاشی تعاون میں مزید اضافہ ہوا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق اس شعبے کی بڑی کامیابیوں میں مدینہ میں پرنس محمد بن سلمان گلوبل سینٹر فار عریبک کیلی گرافی کا افتتاح شامل ہے جو ایک عالمی پلیٹ فارم کے طور پر کام کر رہا ہے۔
اس میں ایک مستقل عجائب گھر، سفری نمائشیں، تحقیقی گرانٹس، بزنس انکیوبیٹر اور آرٹسٹ ریزیڈنسی پروگرام شامل ہیں جو خطاطوں، نئے ابھرتے ہوئے فنکاروں، محققین اور ثقافتی اداروں کی سرپرستی کرتے ہیں۔
اس کےعلاوہ جدہ تاریخیہ میں ریڈ سی میوزیم کا بھی افتتاح کیا گیا جہاں 23 گیلریوں میں ایک ہزار سے زائد تاریخی نوادرات اور فن پارے نمائش کے لیے پیش کیے گئے جن میں برتن، بخور، جہاز رانی کے قدیم آلات، نقشے، نایاب مخطوطات اور مقامی و بین الاقوامی فنکاروں کے جدید فن پارے شامل ہیں۔
ملک میں ثقافتی سرگرمیوں کا دائرہ بھی تیزی سے پھیلا ہے۔ ثقافتی ایونٹ کے دنوں کی تعداد بڑھ کر 6314 ہوگئی جو کہ 3010 کے مقررہ ہدف سے کہیں زیادہ ہے جبکہ ثقافتی سہولیات اور مراکز کی تعداد 87 کے ہدف کے مقابلے میں بڑھ کر 94 ہوگئی۔ اس شعبے میں کام کرنے والے افراد کی تعداد دو لاکھ 82 ہزار سے زائد پہنچ گئی جو دو لاکھ 47 ہزار کے ہدف سے زیادہ ہے جبکہ مقامی طور پر شائع ہونے والی کتابوں کے عنوانات کی تعداد 12 ہزار 879 تک جا پہنچی۔

قومی ورثے کی بات کی جائے تو لوگوں کی کی رسائی والے تاریخی مقامات کی تعداد 232 ہو گئی ہے جبکہ قومی ورثے اور یونیسکو کی فہرست میں شامل مقامات کی سیر کرنے والوں کی تعداد ایک کروڑ 41 لاکھ سے تجاوز کر گئی جو کہ 71 لاکھ 90 ہزار کے اصل ہدف سے کہیں زیادہ ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ سعودی عرب نے 71 بین الاقوامی ثقافتی ایونٹس میں شرکت کی، جو 34 کے ابتدائی ہدف سے زیادہ ہے اور سعودی ثقافت کی عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی مقبولیت کی عکاسی کرتی ہے۔
یہ تمام تر کامیابیاں سعودی وژن 2030 کے اہداف کو پورا کرنے میں اس شعبے کی مسلسل پیشرفت کو نمایاں کرتی ہیں جس کا مقصد قومی شناخت کو مضبوط بنانا، عوامی سطح پر ثقافتی سرگرمیوں کو فروغ دینا اور مملکت کو دنیا کے نقشے پر ایک نمایاں ثقافتی مرکز کے طور پر قائم کرنا ہے۔
