سعودی عرب میں اگست کے دوران درجہ حرارت میں اضافے کا امکان
سعودی عرب کے کئی علاقے ان دنوں گرمی کی لہر کی لپیٹ میں ہیں (فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب کے قومی مرکز برائے موسمیات کے سرکاری ترجمان حسین القحطانی نے کہا ہے کہ ’اگست جو موسم گرما کا آخری مہینہ ہے، کے دوران مملکت کے بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے۔‘
ایکس اکاؤنٹ پر پوسٹ میں ترجمان نے کہا ’موسمیاتی پیشگوئیوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ ’موسم گرما برقرار رہنے کے باعث مملکت کے بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہے گا۔‘
ترجمان نے کہا ’جازان اور الباحہ کے ساتھ تبوک، مدینہ، مکہ، عسیر، نجران اور الشرقیہ ریجن کے علاقوں میں بارشیں معمول سے کم رہنے کا امکان ہے جبکہ مملکت کے بالائی علاقوں میں معمول کے مطابق بارش متوقع ہے۔‘
انہوں نے شہریوں اور رہائشیوں پر زور دیا کہ وہ قومی مرکز کی جانب سے جاری کردہ موسمیاتی پیشگوئیوں اور ہدایات پر عمل کریں خصوصا اس لیے کہ اگست کے دوران درجہ حرارت میں اضافے کے ساتھ اور تیز ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے۔
یاد رہے کہ سعودی عرب کے کئی علاقے ان دنوں گرمی کی لہر کی لپیٹ میں ہیں۔ پیر کو الاحسا، شرورہ اور وادی الدواسر میں درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ مکہ مکرمہ میں 44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
