’گوگل پکسل 11 سیریز‘ کی خصوصیات کیا ہیں اور یہ کب لانچ ہو گا؟
’گوگل پکسل 11 سیریز‘ کی خصوصیات کیا ہیں اور یہ کب لانچ ہو گا؟
بدھ 29 جولائی 2026 5:29
پکسل سیریز کے کئی فونز ایک سو 28 جی بی سٹوریج کے ساتھ فروخت کیے جاتے تھے (فوٹو: ایکس)
مشہور ٹیکنالوجی کمپنی ’گوگل‘ کی نئی ’پکسل 11 سیریز‘ کی باضابطہ رونمائی سے قبل ایک اور بڑی لیک سامنے آئی ہے، جس میں فونز کی سٹوریج، بیٹری اور متوقع قیمتوں سے متعلق اہم معلومات شیئر کی گئی ہیں۔
معروف ٹیک صحافی رولینڈ کوانٹ کے مطابق ’گوگل‘ اس بار اپنی نئی سیریز میں ایک اہم تبدیلی متعارف کرانے جا رہا ہے، جس کے تحت تمام ماڈلز میں دو سو 56 جی بی سٹوریج کو بنیادی آپشن بنایا جائے گا۔
اس سے قبل پکسل سیریز کے کئی فونز ایک سو 28 جی بی سٹوریج کے ساتھ فروخت کیے جاتے تھے، تاہم صارفین کی جانب سے زیادہ سٹوریج کی مسلسل طلب کے بعد کمپنی یہ تبدیلی کرنے جا رہی ہے۔
لیک میں بتایا گیا ہے کہ ’گوگل پکسل 11‘ کے دو سو 56 جی بی سٹوریج والے ویرزنٹ کی متوقع قیمت 879 برطانوی پاؤنڈ ہوگی۔ اسی طرح ’گوگل پکسل 11 پرو‘ کے دو سو 56 جی بی سٹوریج والے ویرزنٹ کی قیمت ایک ہزار 79 برطانوی پاؤنڈ جبکہ ’گوگل پکسل 11 پرو ایکس ایل‘ کی قیمت 12 سو 79 برطانوی پاؤنڈ ہو سکتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق اگرچہ نئی پکسل سیریز کی قیمتیں بظاہر گزشتہ سال کے مقابلے میں زیادہ دکھائی دیتی ہیں، لیکن چونکہ اس بار دو سو 56 جی بی سٹوریج ہی بنیادی ماڈل ہوگا، اس لیے گزشتہ سال کے مساوی 256 جی بی ورژن سے موازنہ کیا جائے تو ’گوگل پکسل 11‘ اور ’گوگل پکسل 11 پرو‘ کی قیمتوں میں تکنیکی طور پر معمولی کمی دیکھی جا سکتی ہے۔ البتہ ’گوگل پکسل 11 پرو ایکس ایل‘ کی قیمت گزشتہ نسل کے مقابلے میں زیادہ ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
بیٹری کے حوالے سے بھی لیک میں اہم معلومات سامنے آئی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق گوگل پکسل 11 میں چار ہزار 985 ملی ایمپیئر آور (ایم اے ایچ) بیٹری دی جائے گی، جبکہ ’گوگل پکسل 11 پرو‘ میں چار ہزار 850 ملی ایمپیئر آور بیٹری ہوگی۔ دوسری جانب ’گوگل پکسل 11 پرو ایکس ایل‘ کو پانچ ہزار 115 ملی ایمپیئر آور بیٹری سے لیس کیے جانے کا امکان ہے، جو اس سیریز کی سب سے بڑی بیٹری ہوگی۔ اگر یہ معلومات درست ثابت ہوئیں تو ’پکسل 11‘ اور ’پکسل 11 پرو ایکس ایل‘ میں گزشتہ جنریشن کے مقابلے میں بڑی بیٹری ملے گی، تاہم ’پکسل 11 پرو‘ کی بیٹری گزشتہ ماڈل کی چار ہزار 870 ملی ایمپیئر آور بیٹری کے مقابلے میں معمولی کم ہوگی۔
’گوگل‘ 12 اگست کو ایک خصوصی تقریب کے دوران ’پکسل 11 سیریز‘ کی باضابطہ رونمائی کرے گا (فوٹو: یوٹیوب)
ٹیک ماہرین کا کہنا ہے کہ زیادہ سٹوریج اور بڑی بیٹری کے باعث نئی ’پکسل 11‘ سیریز صارفین کے لیے پہلے سے زیادہ پرکشش ثابت ہو سکتی ہے، خاص طور پر ان افراد کے لیے جو اپنے فون میں زیادہ ڈیٹا محفوظ رکھتے ہیں یا طویل بیٹری بیک اپ کو ترجیح دیتے ہیں۔ تاہم قیمتوں میں اضافے کے باعث یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ نئی سیریز عالمی مارکیٹ میں صارفین کی توقعات پر کس حد تک پورا اترتی ہے۔
واضح رہے کہ ’گوگل‘ 12 اگست کو ایک خصوصی تقریب کے دوران ’پکسل 11 سیریز‘ کی باضابطہ رونمائی کرے گا، جہاں نئے فونز کی مکمل خصوصیات، حتمی قیمتوں اور دستیابی سے متعلق تمام تفصیلات سامنے آئیں گی۔