Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گلیکسی ایس 26 بمقابلہ گوگل پکسل 10: کون سا فون بہتر؟ خریدنے سے پہلے فرق جانیے

گلیکسی ایس 26 اور پکسل 10 اب مضبوط حریف بن کر ابھرے ہیں۔ (فوٹو: سی نیٹ)
سمارٹ فون مارکیٹ میں سام سنگ اور گوگل کے درمیان مقابلہ ایک نئے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔ سام سنگ کا نیا فلیگ شپ ماڈل گلیکسی ایس 26 اور گوگل کا پکسل 10 اب ایک دوسرے کے مضبوط حریف بن کر ابھرے ہیں۔
ٹیکنالوجی پر نظر رکھنے والی امریکی ویب سائٹ سی نیٹ کے مطابق سام سنگ نے فروری میں اپنے ایک ایونٹ کے دوران گلیکسی ایس 26 متعارف کرایا جس میں بیٹری کو مزید بہتر بنایا گیا ہے تاہم پچھلے ماڈل کے مقابلے میں قیمت میں 100 ڈالر اضافہ کیا گیا۔
 
انہی دنوں میں گوگل نے اپنے پکسل 10 میں اہم تبدیلیوں کے ساتھ پیش کیا جس میں ایک ٹیلی فونک کیمرہ بھی شامل ہے جس سے پکسل 10 کی کیمرہ کی صلاحیت گلیکسی 26 کے برابر آ گئی ہے۔
دونوں فونز بظاہر کئی لحاظ سے مماثل ہیں۔ ان میں چھ اعشاریہ تین انچ کی سکرین، تین بیک کیمرے اور جدید اینڈرائیڈ فیچرز موجود ہیں۔ 
تاہم قیمت اور سٹوریج کے معاملے میں فرق واضح نظر آتا ہے۔
پکسل 10 اگرچہ 100 ڈالر سستا ہے لیکن اس کا بنیادی ماڈل صرف 128 جی بی سٹوریج کے ساتھ آتا ہے جبکہ گلیکسی ایس 26 بیس ماڈل 256 جی بی سٹوریج کے ساتھ دستیاب ہے، جو آج کے دور میں زیادہ اہمیت رکھتی ہے۔
ڈیزائن اور ڈسپلے
ڈیزائن کے لحاظ سے دونوں فون ایک ہی سائز کے ہیں، لیکن استعمال میں فرق محسوس ہوتا ہے۔ 
گلیکسی ایس 26 کا باریک کناروں والا ڈسپلے اسے زیادہ متاثر کن اور جدید احساس دیتا ہے جبکہ پکسل 10 کی سکرین زیادہ روشن ہے اور تیز دھوپ میں بہتر نظر آتی ہے۔
دونوں فونز واٹر اور ڈسٹ ریزسٹنٹ ہیں اور مضبوط گلاس کے ساتھ آتے ہیں، اس لیے پائیداری کے حوالے سے زیادہ فکرمند ہونے کی ضرورت نہیں تاہم وزن کے لحاظ سے فرق نمایاں ہے۔
گلیکسی ایس 26 تقریباً 167 گرام کا ہے جبکہ پکسل 10 کا وزن 204 گرام ہے، جس سے سام سنگ کا فون روزمرہ استعمال میں زیادہ ہلکا محسوس ہوتا ہے۔

ڈیزائن کے لحاظ سے دونوں فون ایک ہی سائز کے ہیں، لیکن استعمال میں فرق محسوس ہوتا ہے۔  (فوٹو: سی نیٹ)

ڈسپلے کی تکنیکی خصوصیات میں فرق
پکسل 10 کی سکرین زیادہ روشن ہے لیکن گلیکسی ایس 26 میں ایک خاص فیچر موجود ہے جو ریفریش ریٹ کو 1 ہرٹز تک کم کر دیتا ہے، جس سے بیٹری کی بچت ہوتی ہے۔
کیمرہ اور چند دوسری چیزیں 
کیمرے کے معاملے میں دونوں فونز مضبوط کارکردگی دکھاتے ہیں۔ گلیکسی ایس 26 میں 50 میگا پکسل مین، 12 میگا پکسل الٹرا وائیڈ اور 3 گنا زوم والا ٹیلی فوٹو کیمرہ ہے، جبکہ پکسل 10 میں 48 میگا پکسل مین، 13 میگا پکسل الٹرا وائیڈ اور 5 گنا زوم ٹیلی فوٹو شامل ہے، جو دور کی تصاویر کے لیے فائدہ مند ہے۔
دونوں فونز دن کی روشنی میں واضح اور تفصیلی تصاویر لے سکتے ہیں لیکن بعض حالات میں پکسل کے زوم میں ڈیٹیل کم ہو سکتی ہے۔

 گلیکسی ایس 26 تقریباً 167 گرام کا ہے جبکہ پکسل 10 کا وزن 204 گرام ہے۔ (فوٹو: سی نیٹ)

سام سنگ نے ویڈیو کے لیے خاص سٹیبلائزیشن فیچر بھی شامل کیا ہے، جس سے حرکت کے دوران ویڈیو ہموار رہتی ہے۔ دونوں فونز میں مصنوعی ذہانت پر مبنی فیچرز بھی شامل ہیں، جیسے تصویروں میں تبدیلی کرنا یا غیر ضروری چیزیں ہٹانا لیکن زیادہ تر فیچرز روزمرہ زندگی میں کم استعمال ہونے والے ہیں۔
بیٹری اور کارکردگی
پکسل 10 میں بڑی بیٹری دی گئی ہے، جبکہ گلیکسی ایس 26 کا پروسیسر زیادہ مؤثر ہے، جس سے بیٹری بہتر طریقے سے استعمال ہوتی ہے۔
دونوں فون عام استعمال میں پورا دن چل سکتے ہیں لیکن کارکردگی کے ٹیسٹ میں گلیکسی ایس 26 آگے نظر آتا ہے، خاص طور پر گیمنگ اور بھاری ایپس کے معاملے میں، کیونکہ اس میں طاقتور سنیپ ڈریگن 8 ایلیٹ جنریشن 5 پروسیسر استعمال کیا گیا ہے، جبکہ پکسل 10 میں گوگل ٹینسر جی 5 پروسیسر ہے۔
سافٹ ویئر اور اپڈیٹس
دونوں فون اینڈرائیڈ 16 کے ساتھ آتے ہیں اور سات سال تک اپڈیٹس کی سہولت فراہم کرتے ہیں۔ گلیکسی ایس 26 میں سام سنگ کا ’ون یو آئی‘ موجود ہے، جو زیادہ فیچرز اور حسب ضرورت تبدیلیوں کی سہولت دیتا ہے جبکہ پکسل 10 سادہ اور صاف اینڈرائیڈ تجربہ پیش کرتا ہے، جس میں غیر ضروری ایپس کم ہوتی ہیں۔

کیمرے کے معاملے میں دونوں فونز مضبوط کارکردگی دکھاتے ہیں۔ (فوٹو: سی نیٹ)

مجموعی طور پر دیکھا جائے تو ان فونز میں مقابلہ کافی قریب قریب ہے۔ اگر صارف بہتر کارکردگی، زیادہ سٹوریج اور ہلکا ڈیزائن چاہتا ہے تو گلیکسی ایس 26 اچھا انتخاب ہے، جبکہ اگر کم قیمت، زیادہ روشن سکرین اور بہتر زوم کیمرہ ترجیح ہو تو پکسل 10 بھی ایک متوازن اور قابلِ غور متبادل کے طور پر سامنے آتا ہے۔

شیئر: