Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تاروبا ٹیسٹ: ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو 90 رنز سے ہرا دیا، قومی ٹیم 120 رنز پر ڈھیر

دوسری اننگز میں ویسٹ انڈین فاسٹ بولرز کے سامنے پاکستانی بیٹرز بالکل بے بس دکھائی دیے (فوٹو: اے ایف پی)
تاروبا کے برائن لارا اکیڈمی سٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو 90 رنز سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی ہے۔
 211 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم صرف 120 رنز پر سمٹ گئی۔
میچ کی دوسری اننگز میں ویسٹ انڈین فاسٹ بولرز کے سامنے پاکستانی بیٹرز بالکل بے بس دکھائی دیے اور کپتان بابر اعظم کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی ان کا ڈٹ کر مقابلہ نہ کر سکا۔
پاکستان کے آٹھ کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہو سکے۔
کپتان بابر اعظم 58 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیل کر نمایاں رہے اور ناٹ آؤٹ لوٹے تاہم دوسرے کنارے سے انہیں کسی کھلاڑی کا ساتھ نہ مل سکا۔
اذان اویس، امام الحق اور شان مسعود 3، 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ علی عثمان نے دو اور خرم شہزاد نے چار رنز بنائے۔
سلمان علی آغا، عامر جمال اور محمد علی بغیر کوئی کھاتہ کھولے صفر پر پویلین لوٹ گئے۔

کپتان بابر اعظم کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی وئسٹ انڈین بولرز کا ڈٹ کر مقابلہ نہ کر سکا (فوٹو: اے ایف پی)

اس سے قبل کھیل کے چوتھے دن ویسٹ انڈیز نے اپنی دوسری اننگز 126 رنز 7 کھلاڑی آؤٹ سے دوبارہ شروع کی اور پوری ٹیم 181 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
پہلی اننگز کی 29 رنز کی برتری کی بدولت ہوم ٹیم نے پاکستان کو جیت کے لیے 211 رنز کا ہدف دیا۔
میچ کی پہلی اننگز میں ویسٹ انڈیز نے شے ہوپ کے 92 اور کیویم ہوج کے 84 رنز کی بدولت 311 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں پاکستانی ٹیم شان مسعود کی شاندار 109 رنز کی سینچری اور امام الحق کے 63 رنز کے باوجود 282 رنز ہی بنا سکی تھی۔
ویسٹ انڈیز کے جسٹن گریوز نے پہلی اننگز میں پانچ وکٹیں حاصل کی تھیں۔

 

شیئر: