Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ وجے کی آخری فلم ’جنا نائگن‘ باکس آفس پر مشکلات کا شکار

وجے سٹارر اس فلم نے ریلیز کے بعد صرف چار دنوں میں دنیا بھر میں 200 کروڑ روپے کا ہندسہ عبور کر لیا تھا (فوٹو: بالی وڈ ہنگامہ)
انڈین ریاست تمل ناڈو کے وزیرِ اعلیٰ جوزف وجے کی الوداعی فلم ’جنا نائگن‘ توقعات پر پورا نہیں اُتر سکی اور باکس آفس پر مشکلات کا شکار ہے۔
اخبار دکن ہیرالڈ کی ایک رپورٹ کے مطابق فلم کے لیے ریلیز کے دوسرے ہفتے میں داخل ہونے کے بعد انڈیا میں 200 کروڑ روپے کا ہندسہ عبور کرنا مشکل ہو رہا ہے، جو حیران کن طور پر کمزور کارکردگی ہے اور یہ ’بیگل‘ کے بعد وجے کی کاروباری طور پر ناکام ترین فلم ہے۔
فلم نے ساتویں دن انڈیا میں 10,359 شوز کی نمائش کے ذریعے باکس آفس پر 6 کروڑ 10 لاکھ روپے کمائے، جو اس سے پچھلے روز کے مقابلے میں 23.8 فیصد کمی کو ظاہر کرتی ہے۔
فلم نے بین الاقوامی سطح پر مزید 2 کروڑ 50 لاکھ روپے حاصل کیے، جس کے بعد اس کی اوورسیز کمائی 81 کروڑ روپے تک پہنچ گئی۔ باکس آفس ڈیٹا ٹریکنگ پلیٹ فارم ساکنلک کے مطابق، اس طرح فلم کی دنیا بھر میں مجموعی کمائی 255 کروڑ 63 لاکھ روپے ہو گئی ہے۔
فلم کو اگرچہ ملا جلا ردِعمل ملا، تاہم کے وی این پروڈکشنز کے بینر تلے بننے والی اس سیاسی ایکشن ڈرامہ فلم نے 23 جولائی 2026 کو ریلیز کے بعد صرف چار دنوں میں دنیا بھر میں 200 کروڑ روپے کا ہندسہ عبور کر لیا تھا۔ لیکن اس کے بعد رفتار نمایاں طور پر سست پڑ گئی اور اگلے چار دنوں میں صرف 55 کروڑ روپے کا اضافہ ہو سکا۔
تھلاپتی وجے کی اس شاندار الوداعی فلم نے جمعرات کو زبردست آغاز کیا اور انڈیا میں 50 کروڑ 28 لاکھ روپے (نیٹ 42 کروڑ 70 لاکھ روپے) کمائے، جس میں تمل ناڈو، کرناٹک اور کیرالہ میں شائقین کی بڑی تعداد نے اہم کردار ادا کیا۔
جمعہ کے روز فلم بینوں کی متوقع کمی کے بعد، فلم نے ہفتہ اور اتوار کو دوبارہ مضبوط واپسی کی اور صرف اتوار کے دن 32 کروڑ روپے نیٹ کمائے۔ تاہم، ہفتے کے درمیانی دنوں میں آنے والی کمی پوری نہ ہو سکی اور ساتویں دن فلم نے انڈیا بھر میں 6 کروڑ 10 لاکھ روپے نیٹ کمائے۔
ان اعداد و شمار کے ساتھ وجے کی ’جنا نائگن‘ سوریا کی فلم ’کروپو‘ سے پیچھے رہ گئی ہے اور سال 2026 کی دوسری سب سے زیادہ کمائی کرنے والی تمل فلم بن گئی ہے۔
وجے کی آخری فلم کے طور پر پیش کی جانے والی اس فلم کی تجارتی کارکردگی اداکار اور اب سیاست دان کی گزشتہ بلاک بسٹر فلموں ’لیو‘ (2023) اور ’دی گریٹسٹ آف آل ٹائم‘ (2024) سے کمزور دکھائی دیتی ہے، کیونکہ ان دونوں فلموں نے اسی عرصے میں 300 کروڑ روپے کا ہندسہ عبور کر لیا تھا۔

وجے کی یہ فلم باکس آفس پر اداکار سوریا کی فلم ’کروپو‘ سے پیچھے رہ گئی ہے (فوٹو: دکن کرونیکل)

فلمی ماہرین کے مطابق، بیرونِ ملک محدود سکرینز، اہم علاقوں میں ’اے‘ (بالغوں کے لیے) درجہ بندی، اور ابتدائی آن لائن پائریسی فلم کی باکس آفس پر کارکردگی کمزور ہونے کی وجوہات ہیں۔
وجے کے فین کلبز ان کے انڈین سنیما میں 33 سالہ شاندار سفر کا جشن منا رہے ہیں جبکہ ’جنا نائگن‘ سینما گھروں میں اپنی نمائش جاری رکھے ہوئے ہے۔ فلم میں پوجا ہیگڑے، بوبی دیول، مامیتھا باجو اور گوتم واسودیف مینن سمیت کئی بڑے اداکار شامل ہیں، جبکہ موسیقی انیرودھ روی چندر نے ترتیب دی ہے۔

شیئر: