Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بابر اعظم کی سینچریوں کی خشک سالی برقرار، ویسٹ انڈیز کے خلاف 88 رنز پر رن آؤٹ

بابر اعظم اب تک ٹیسٹ کرکٹ میں 31 نصف سنچریاں اور 9 سینچریاں سکور کر چکے ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے مایہ ناز بلے باز اور ٹیسٹ کپتان بابر اعظم ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں 88 رنز پر رن آؤٹ ہوگئے اور یوں چار سال سے جاری ان کی سینچریوں کی خشک سالی کا خاتمہ نہ ہو سکا۔
منگل کو ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے روز ایسا لگ رہا تھا کہ بابر اعظم کئی سال سے جاری خراب فارم کا خاتمہ کرتے ہوئے 2022 کے بعد اپنی پہلی ٹیسٹ سینچری سکور کریں گے۔
تاہم بابر اعظم گزشتہ روز کے 86 رنز کے سکور میں صرف دو رنز کا اضافہ کر سکے اور پویلین واپس لوٹ گئے۔
وہ برینڈن کنگ کے براہِ راست تھرو پر رن آؤٹ ہوئے۔
ابر اعظم نے 88 رنز کی اننگز میں ذمہ دارانہ اور پراعتماد بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے وکٹ کے چاروں جانب دلکش سٹروکس کھیلے اور پاکستانی اننگز کی بنیاد رکھی۔
تاہم وہ اپنے ٹیسٹ کیریئر کی دسویں سینچری مکمل نہ کر سکے۔
بابر اعظم نے اپنی آخری ٹیسٹ سنچری دسمبر 2022 میں نیوزی لینڈ کے خلاف کراچی ٹیسٹ میں 161 رنز کی اننگز کھیل کر بنائی تھی۔
دسمبر 2022 سے بابر اعظم کی ٹیسٹ کارکردگی توقعات کے مطابق نہیں رہی۔ اس عرصے میں انہوں نے 27 اننگز میں بیٹنگ کرتے ہوئے 987 رنز سکور کیے، ان کی اوسط 36.55 رہی، جبکہ وہ ایک بھی سینچری نہ بنا سکے۔ اس دوران ان کے بلے سے آٹھ نصف سنچریاں نکلیں، لیکن ہر بار وہ اچھی ابتدا کو بڑے سکور میں تبدیل کرنے میں ناکام رہے۔
بابر اعظم اب تک ٹیسٹ کرکٹ میں 31 نصف سنچریاں اور 9 سینچریاں سکور کر چکے ہیں۔

شیئر: