Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شیخ حسینہ کے پروگرام میں شرکت: شکیب الحسن دوبارہ بنگلہ دیش کے لیے کرکٹ نہیں کھیل سکیں گے

بنگلہ دیشی حکومت نے جمعہ کے روز کہا کہ سابق سٹار کرکٹر شکیب الحسن کے دوبارہ قومی ٹیم کی نمائندگی کرنے کے امکانات تقریباً ختم ہو گئے ہیں، کیونکہ انہوں نے معزول سابق وزیرِ اعظم شیخ حسینہ کے ایک پروگرام میں شرکت کی، جنہیں عدالت مفرور مجرم قرار دے چکی ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق شکیب الحسن نے بدھ کے روز نئی دہلی سے ٹیلی فون کے ذریعے اس تقریب میں شرکت کی، جہاں شیخ حسینہ نے صحافیوں سے خطاب کیا۔ یہ تقریب انہیں طلبہ کی قیادت میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں پر خونریز کریک ڈاؤن کے بعد اقتدار سے ہٹائے جانے کے دو سال بعد منعقد ہوئی۔
بنگلہ دیش کے وزیرِ امورِ نوجوانان و کھیل امین الحق نے کہا کہ حکومت اس سے پہلے شکیب الحسن کے معاملے میں نسبتاً نرم رویہ اختیار کیے ہوئے تھی۔ شکیب، شیخ حسینہ کی سابق حکمران جماعت عوامی لیگ کے رکنِ پارلیمان بھی رہ چکے ہیں۔
شکیب الحسن، جو اس وقت سری لنکا میں موجود ہیں، ان درجنوں افراد میں شامل ہیں جن کے خلاف مظاہرین پر مہلک پولیس کارروائی کے سلسلے میں قتل کے مقدمات درج کیے گئے تھے۔ اسی کریک ڈاؤن کے نتیجے میں شیخ حسینہ کی حکومت کا خاتمہ ہوا تھا۔
امین الحق نے اپنے بیان میں کہا کہ ’ہم اس معاملے کو کافی لچک اور برداشت کے ساتھ دیکھ رہے تھے، لیکن اب میرے خیال میں اس طرزِ فکر کی مزید کوئی گنجائش نہیں رہی۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’جو شخص ایک آمر کے ساتھ ایک ہی سٹیج پر آ کھڑا ہو، اس کے لیے واپسی کا کوئی موقع باقی نہیں رہتا۔‘
39  سالہ شکیب الحسن بنگلہ دیش کے کامیاب ترین کرکٹرز میں شمار ہوتے ہیں اور ملک کی نمایاں ترین کھیلوں کی شخصیات میں سے ایک ہیں۔ وہ 400 سے زائد بین الاقوامی میچ کھیل چکے ہیں اور پانچ ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش کی نمائندگی کر چکے ہیں۔
انسانی حقوق کی تنظیمیں طویل عرصے سے شیخ حسینہ کی سابق حکومت پر سیاسی مخالفین کے قتل، اپوزیشن جماعتوں کو دبانے، عدالتی نظام پر اثرانداز ہونے اور غیر منصفانہ انتخابات کرانے جیسے الزامات عائد کرتی رہی ہیں۔
ڈھاکہ کی ایک عدالت نے نومبر 2025 میں شیخ حسینہ کو انسانیت کے خلاف جرائم کا مرتکب قرار دیتے ہوئے، ان کی غیر موجودگی میں، سزائے موت سنائی تھی۔ وہ اس وقت انڈیا میں روپوش ہیں۔
آل راؤنڈر شکیب الحسن نے ستمبر 2024 میں اعلان کیا تھا کہ وہ انڈیا میں اپنی ٹیم کے دوسرے ٹیسٹ میچ کے بعد ریٹائرمنٹ کا ارادہ رکھتے ہیں، تاہم بعد میں انہوں نے کہا کہ وہ مکمل سیریز کھیلنے کے بعد ہی بین الاقوامی کرکٹ کو خیرباد کہیں گے۔
بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے جنوری میں کہا تھا کہ شکیب دوبارہ کھیل سکتے ہیں، لیکن بدھ کے روز انڈیا میں منعقدہ اس تقریب میں ان کی شرکت کے بعد ان کے خلاف شدید ردِعمل سامنے آیا۔

شیئر: