Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انسٹاگرام پر سب سے زیادہ فالو کی جانے والی 10 پاکستانی شوبز شخصیات

انسٹاگرام کا شمار دنیا میں سب سے زیادہ استعمال کیے جانے والے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز میں ہوتا ہے اور پاکستان میں بھی یہ فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انتہائی مقبول ہے۔
پاکستان میں مختلف شوبز شخصیات اپنی ذاتی زندگی کی جھلکیاں اور پیشہ وارانہ امور سے متعلق تصاویر اور ویڈیوز انسٹاگرام پر شیئر کرتی ہیں۔
آئیے آپ کو بتاتے ہیں کہ انسٹاگرام پر سب سے زیادہ فالو کی جانے والی 10 پاکستانی شوبز شخصیات کون ہیں۔

عائزہ خان

عائزہ خان کا شمار پاکستان میں انسٹاگرام میں سب سے زیادہ فالوئرز رکھنے والی شخصیات میں ہوتا ہے۔ ڈرامہ ’میرے پاس تم ہو‘ سے شہرت کی نئی بلندیوں پر پہنچنے والی اداکارہ کے فالوئرز کی انسٹاگرام پر تعداد اس وقت ایک کروڑ 70 لاکھ سے زائد ہے۔
ایمن خان
پاکستانی اداکارہ ایمن خان بھی انسٹاگرام پر کافی متحرک نظر آتی ہیں اور ان کا شمار بھی پاکستان میں اس ایپ پر سب سے زیادہ فالوئرز کی جانے والی شوبز شخصیات میں ہوتا ہے۔
انسٹاگرام پر ان کے فالوئرز کی اس وقت تعداد 90 لاکھ 70 ہزار سے زائد ہے۔
ماہرہ خان
پاکستانی اداکاراؤں کی بات کی جائے اور ماہرہ خان کا ذکر نہ ہو ایسا ممکن نہیں۔ پاکستان اور انڈیا میں اپنی اداکاری کا لوہا منوانے والی اور آج کل ڈرامہ ’ہم کہاں کے سچے تھے‘ میں اداکاری کا جادو دکھانے والی ماہرہ خان کے انسٹاگرام پر اس وقت فالوئرز کی تعداد 80 لاکھ 50 ہزار سے زائد ہے۔

سجل علی کی انسٹاگرام پر فالورز کی تعداد اس وقر 70 لاکھ 70 ہزار سے زیادہ ہے۔ فوٹو: انسٹاگرام

سجل علی

آج کل ڈرامہ سیریل ’صنف آہن‘ میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی سجل علی کا شمار بھی انسٹاگرام پر سب سے زیادہ فالو کیے جانے والے اداکاروں میں ہوتا ہے۔ پاکستان کے علاوہ انڈیا میں بھی ان کی اداکاری کی دھوم اس وقت مچی جب انہوں نے 2017 میں سری دیوی کے ساتھ فلم ’موم‘ میں کام کیا۔
سجل علی کو انسٹاگرام پر 70 لاکھ 70 ہزار سے زیادہ صارفین فالو کر رہے ہیں۔ 
ماورا حسین
پاکستان اداکارہ اور ماڈل ماورا حسین جو انسٹاگرام پر بہت زیادہ متحرک ہیں۔
انہوں نے اپنے کیریئر میں ماڈلنگ اور اداکاری سے بہت جلد ہی پاکستانی ڈرامے اور فلمیں دیکھنے والوں کے دل میں  گھر کرلیا۔
ماورا حسین کو انسٹاگرام پر اس وقت 70 لاکھ 20 ہزار سے زائد لوگ فالو کررہے ہیں۔

اس وقت حرا مانی کے انسٹا فالورز کی تعداد 60 لاکھ 60 ہزار سے زیادہ ہے۔ فوٹو: انسٹاگرام

حرا مانی
حرا مانی پچھلے کئی سالوں سے نہ صرف پاکستانی ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا رہی ہیں بلکہ انسٹاگرام پر ان کی زندگی کی جھلکیاں بھی مداحوں کو بہت محظوظ کرتی ہیں۔
’میرے پاس تم ہو‘ اور ’کشف‘ جیسے ڈراموں سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والی اداکارہ کے اس وقت انسٹا فالوئرز کی تعداد 60 لاکھ 60 ہزار سے زیادہ ہے۔
مایا علی
پاکستانی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں مایا علی کا شمار ’ورسٹائل‘ اداکاراؤں میں ہوتا ہے کیونکہ ان کے بارے میں مشہور ہے کہ ان کا ہر کردار ان کے پچھلے کرداروں سے مختلف ہوتا ہے۔
’من مائل‘ اور ’پہلی سی محبت‘ جیسے ڈراموں، ’پرے ہٹ لو‘ اور ’تیفا ان ٹربل‘ جیسی مشہور فلموں میں کام کرنے والی اداکارہ کو اس وقت انسٹاگرام پر 60 لاکھ 40 ہزار سے زائد لوگ فالو کررہے ہیں۔
عاطف اسلم
پاکستان یا انڈیا میں جب بھی سر اور سنگیت کی بات کی جائے گی تو عاطف اسلم کا نام ضرور لیا جائے گا۔
اپنی البم ’عادت‘ سے موسیقی کی دنیا میں قدم رکھنے والے گلوکار عاطف اسلم پاکستان اور انڈیا میں بیشمار ہٹ گانے گا چکے ہیں۔
اس وقت انسٹاگرام پر ان کے فالوئرز کی تعداد 60 لاکھ 30 ہزار سے زیادہ ہے۔

انسٹاگرام پر عاطف اسلم کے فالورز کی تعداد 60 لاکھ 30 ہزار سے زیادہ ہے۔ فوٹو: انسٹاگرام

علی ظفر
’چھنو کی آنکھ میں اک نشہ‘ تلاش کرنے والے اور پاکستان میں موسیقی سے لگاؤ رکھنے والوں کو بے شمار ہٹ گانے دینے والے علی ظفر کے اس وقت انسٹاگرام پر 50 لاکھ 10 ہزار سے زیادہ فالوئرز ہیں۔
صبا قمر
صبا قمر کا شمار پاکستان کی مشہور ترین اداکاراؤں میں ہوتا ہے۔ پاکستانی ڈراموں اور فلموں میں ان کی اداکاری نے انہیں پاکستان کے صف اول کے ادکاروں میں لاکھڑا کیا ہے۔ پڑوسی ملک انڈیا میں بھی وہ یکساں مقبول ہیں جس کی وجہ ان کی عرفان خان کے ساتھ فلم ’ہندی میڈیم‘ ہے۔
صبا قمر کو اس وقت انسٹاگرام پر 40 لاکھ 90 ہزار سے زائد لوگ فالو کررہے ہیں۔

شیئر: