شاہ رُخ کی ممبئی میں واقع رہائش گاہ منت سے دو سانپ برآمد، ایک 8 فُٹ لمبا تھا
بالی وڈ سُپرسٹار شاہ رُخ خان کی ممبئی میں واقع مشہور رہائش گاہ منت میں پیر کی شام دو سانپ نظر آنے کے بعد افراتفری پیدا ہوگئی۔
انڈین ایکسپریس کے مطابق سانپوں کی موجودگی پر انہیں وہاں سے نکالنے کے لیے کارروائی شروع کی گئی اور سانپ پکڑنے والے ماہر اور محکمۂ جنگلات کے حکام کو اطلاع دی گئی۔
خوش قسمتی سے اِن میں سے 8 فٹ لمبے ایک سانپ کی شناخت دھامن کے طور پر ہوئی، جسے انڈین ریٹ سنیک بھی کہا جاتا ہے۔ اس سانپ کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ زہریلا نہیں ہوتا، اور اسے بحفاظت پکڑ لیا گیا۔
سانپ پکڑنے والے وِکی دُوبے کو رات قریباً 8 بجے اطلاع دی گئی کہ دو سانپ منت کے احاطے میں گُھوم رہے ہیں۔ انہوں نے فوری طور پر محکمۂ جنگلات کے حکام اور ممبئی رینج آفس، تھانے (مہاراشٹرا فارسٹ ڈیپارٹمنٹ کے کنٹرول سینٹر) کو اطلاع دی اور پھر منت پہنچے۔
منت پہنچنے پر ریسکیو اہلکاروں نے دیکھا کہ ایک سانپ جسے دھامن کہا جاتا ہے صحن کے احاطے میں سیڑھیوں کے نیچے چُھپا ہوا تھا۔ سانپ خوف زدہ دکھائی دے رہا تھا جسے آسانی سے پکڑ لیا گیا اور بعد ازاں محکمۂ جنگلات کی ہدایات کے مطابق اسے اس کے قدرتی مسکن میں چھوڑ دیا گیا۔
وِکی دُوبے نے وہاں موجود افراد کو یقین دلایا کہ اُنہیں گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں۔ اگرچہ ایک سانپ کو کامیابی سے پکڑ لیا گیا، جبکہ دوسرا سانپ لوگوں کے آنے پر خوف زدہ ہو کر گھر کے احاطے سے فرار ہوگیا۔
منت میں پیش آنے والا یہ واقعہ سلمان خان کی رہائش گاہ گلیکسی اپارٹمنٹ میں سانپ دیکھے جانے کے چند ماہ بعد سامنے آیا ہے۔
رواں سال کے شروع میں سلمان خان کے گھر میں بھی ایک سانپ دیکھے جانے کی اطلاع ملی تھی، جس کے بعد ایک ماہر کو بلا کر سانپ کو پکڑا کر محکمۂ جنگلات کے حوالے کردیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ شاہ رخ خان اِن دنوں اپنی آنے والی ایکشن فلم کِنگ کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ شائقین اس فلم کا خاص طور پر انتظار کر رہے ہیں کیونکہ اِس کے ذریعے اُن کی بیٹی سوہانا خان بڑی سکرین پر اپنا ڈیبیو کر رہی ہیں۔ سوہانا خان اس سے قبل نیٹ فلکس کی فلم دی آرچیز میں اداکاری کر چکی ہیں۔
کہا جا رہا ہے کہ فلم کنگ 1994 کی مشہور فرانسیسی فلم لیون: دی پروفیشنل سے متاثر ہو کر بنائی گئی ہے۔ فلم میں شاہ رُخ خان ایک پیشہ ور کرائے کے قاتل کا کردار ادا کر رہے ہیں جو ایک کم عمر لڑکی کا محافظ بن جاتا ہے۔
فلم لیون: دی پروفیشنل میں دپیکا پاڈوکون، ابھیشیک بچن، ارشد وارثی، راگھو جویال اور جے دیپ اہلاوت بھی اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔
