گرفتار ہونے والے کشمیری کامیڈین سمے رائنا کی وزیراعلٰی سے ملاقات، ’میرا اور سائبر سیل کا پُرانا رشتہ ہے‘
سمے رائنا انڈیا میں دور حاضر کے مقبول ترین کامیڈین سمجھے جاتے ہیں (فوٹو: یوٹیوب)
انڈیا کے زیرانتظام جموں کشمیر سے تعلق رکھنے والے معروف کامیڈین سمے رائنا نے ماضی میں مہاراشٹرا سائبر سیل کے ساتھ اپنے قانونی تنازع کو مذاق میں بدلتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا اور سائبر سیل کا رشتہ بہت پرانا ہے۔
انڈین میڈیا کے مطابق سمے رائنا نے یہ دلچسپ تبصرہ ممبئی میں مہاراشٹرا سائبر کی جانب سے منعقدہ ایک تقریب کے دوران کیا۔
اس تقریب میں انڈین ریاست مہاراشٹرا کے وزیراعلٰی دیویندر فرنویس نے انہیں اعزاز سے نوازا۔
اعزاز حاصل کرنے کے بعد سمے رائنا نے اپنے مخصوص مزاحیہ انداز میں کہا کہ ’میرا اور مہاراشٹرا سائبر سیل کا رشتہ بہت پرانا ہے، اور سائبر سیل بہت زیادہ ایکٹو ہے۔ آپ امریکہ میں ہوں یا انڈیا میں، یہ آپ کو پکڑ ہی لیں گے۔‘
کامیڈین نے سائبر ہیلپ لائن نمبر 1930 کا حوالہ دیتے ہوئے بھی مذاق کیا اور کہا کہ ’میں نے یہ نمبر محفوظ کر رکھا ہے کیونکہ مجھے اکثر اس نمبر سے کالز موصول ہوتی رہتی ہیں۔‘
سمے رائنا کا یہ تبصرہ ان کے شو ’انڈیاز گاٹ لیٹنٹ‘ سے متعلق گذشتہ تنازع کے پس منظر میں سامنے آیا، جس کے باعث انہیں مہاراشٹرا کے سائبر حکام سے قانونی معاملات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
تاہم اس بار وہ اسی مہاراشٹرا سائبر سیل کے آگاہی پروگرام میں شریک ہوئے اور وزیراعلٰی دیویندر فرنویس سے اعزاز بھی حاصل کیا۔
تقریب میں سائبر آگاہی سے متعلق مختصر فلم ’ڈیجیٹل اریسٹ‘ اور 1930 مہاراشٹرا سائبر اینتھم بھی متعارف کرایا گیا۔
دیویندر فرنویس نے تقریب کے دوران عوام کو سائبر جرائم، خصوصاً ڈیجیٹل اریسٹ جیسے فراڈ سے محتاط رہنے کی تلقین کی اور کہا کہ کسی بھی سائبر فراڈ کی صورت میں فوری طور پر ہیلپ لائن 1930 سے رابطہ کیا جائے۔
