انڈیا میں رواں سال اگست 1901 کے بعد سے تاریخ کا گرم ترین مہینہ ریکارڈ کیا گیا
دنیا کا سب سے زیادہ آبادی والا ملک انڈیا شدید گرمی کے خطرے سے خاص طور پر دوچار ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا میں رواں سال اگست کا مہینہ 1901 میں موسمی ریکارڈ شروع ہونے کے بعد سے اب تک کا سب سے گرم ترین مہینہ رہا، جہاں ملک کا اوسط درجۂ حرارت 28.01 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق انڈیا کے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اگست کا اوسط درجۂ حرارت طویل مدتی اوسط سے 0.67 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہا۔ محکمۂ موسمیات نے یہ نتائج ماہ کے اختتام پر جاری کیے۔
محکمے نے مزید بتایا کہ اس طرح اگست کے درجہ حرارت کا سابقہ ریکارڈ بھی ٹوٹ گیا، جو 2023 میں 28.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق اگست میں انڈیا میں مون سون کی بارشیں معمول سے 16 فیصد کم رہیں، جس کے باعث گرمی میں اضافہ ہوا۔ اس کی ایک وجہ ال نینو کی صورتحال بھی تھی۔
ال نینو ایک قدرتی طور پر رونما ہونے والا موسمیاتی مظہر ہے جو دنیا بھر میں ہواؤں، فضائی دباؤ اور بارش کے نظام میں تبدیلیاں پیدا کرتا ہے۔
انڈیا اور جنوب مشرقی ایشیا میں ال نینو کے باعث عموماً خشک موسم پیدا ہوتا ہے۔ سائنس دانوں کو خدشہ ہے کہ یہ مظہر پہلے ہی فوسل ایندھن جلانے کے باعث گرم ہوتی ہوئی زمین کی گرمی میں مزید اضافہ کرے گا، جبکہ شدید موسمی حالات میں بھی اضافہ ہو سکتا ہے۔
دنیا کا سب سے زیادہ آبادی والا ملک انڈیا شدید گرمی کے خطرے سے خاص طور پر دوچار ہے۔
موسمیاتی تبدیلی شدید گرمی کے واقعات کی تعداد اور شدت میں اضافہ کر رہی ہے، اور حالیہ برسوں میں ملک کے بعض حصوں میں درجۂ حرارت خطرناک حد تک بڑھتا دیکھا گیا ہے۔ 