Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اداکارہ بپاشا باسو کی 6 برس بعد بالی وڈ میں واپسی، فلم ’بارابنکی‘ کی ممبئی میں شوٹنگ شروع

بپاشا باسو نے ممبئی میں فلم ’بارابنکی‘ کی شوٹنگ شروع کر دی ہے (فوٹو: انڈیا ٹوڈے)
بپاشا باسو معروف ہدایت کار ہنسل مہتا کی آنے والی کرائم تھرلر سیریز بارابنکیکے ذریعے اداکاری کی دنیا میں واپسی کرنے جا رہی ہیں۔
اطلاعات کے مطابق اداکارہ نے ممبئی میں اس سیریز کی شوٹنگ شروع کر دی ہے، جو کئی برس بعد ان کا پہلا بڑا سکرین پروجیکٹ ہے۔
یہ سیریز ریٹائرڈ آئی پی ایس افسر آلوک لال کی کتاب دی بارابنکی نارکوز: بسٹنگ انڈیاز موسٹ نوٹوریئس ڈرگ کارٹلپر مبنی ہے۔ کہانی اتر پردیش میں افیون کے ایک طاقتور منشیات فروش گروہ کو ختم کرنے کے لیے کیے گئے ایک حقیقی آپریشن کے پس منظر میں آگے بڑھتی ہے۔
سیریز میں سنی کوشل اور فلم ہوم باؤنڈکے اداکار وشال جیتھوا  بھی اہم کرداروں میں نظر آئیں گے، تاہم ان کے کرداروں کی تفصیلات فی الحال خفیہ رکھی جا رہی ہیں۔
مڈ ڈے‘ کے مطابق، بپاشا باسو نے گزشتہ ماہ ممبئی میں بارابنکیکی شوٹنگ شروع کر دی۔ یہ سیریز ہدایت کار ہنسل مہتا کے ساتھ ان کا پہلا کام ہے اور یہ ان کی سال 2020 میں ریلیز ہونے والی تھرلر سیریز ڈینجرسکے ذریعے او ٹی ٹی پر ڈیبیو کے تقریباً چھ سال بعد بڑی سکرین پر واپسی ہے۔
کہانی میں سال 1984 کا پس منظر دکھایا گیا ہے جس میں آلوک لال کی جانب سے اتر پردیش کے ضلع بارابنکی میں افیون کی غیر قانونی تجارت کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن کی قیادت کرنے کی کوششوں کو دکھایا گیا ہے۔
ہنسل مہتا کی کرائم تھرلر میں بپاشا باسو کا ’طاقتور کردار
اداکارہ کے کردار کی تفصیلات کو انتہائی راز میں رکھا گیا ہے، تاہم رپورٹ کے مطابق ان کا کردار کہانی کے مرکزی کردار سے گہرا تعلق رکھتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق، ہنسل مہتا نے جب بپاشا کو اس پروجیکٹ کی پیشکش کی تو انہوں نے فوری طور پر اسے قبول کر لیا۔
ہنسل مہتا ان ہدایت کاروں میں شامل ہیں جن کے ساتھ کام کرنا اداکارہ کی خواہش رہی ہے، چناں چہ اُن کا اب ہنسل مہتا کے ساتھ کام کرنا خاص اہمیت رکھتا ہے۔

ہنسل مہتا ان ہدایت کاروں میں شامل ہیں جن کے ساتھ کام کرنا اداکارہ کی خواہش رہی ہے (فوٹو: فرسٹ پوسٹ)

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ سیریز میں بپاشا باسو ایک بالکل مختلف حلیے میں نظر آئیں گی، جو ان کے گزشتہ تمام سکرین کرداروں سے منفرد ہوگا۔
سیریز میں آلوک لال کی منشیات فروش گروہوں کے خلاف مہم میں مدد کرنے والے وسیع نیٹ ورک کو بھی دکھایا جائے گا۔ اس نیٹ ورک میں ان کی قابلِ اعتماد ٹیم کے ارکان کے علاوہ مخبر بھی شامل تھے۔ ان مخبروں میں سابق منشیات کے عادی افراد اور چھوٹے پیمانے پر منشیات فروخت کرنے والے افراد بھی شامل تھے، جنہوں نے حکام کو اس طاقتور منشیات فروش گروہ کو ختم کرنے میں مدد فراہم کی۔

شیئر: