Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 ہانیہ عامر کا گلوکاری میں ڈیبیو، ’پابلو‘ ریلیز، راکھی ساونت کا بھی پیغام

گانے کے آخر میں انڈین اداکارہ راکھی ساونت کی آواز شامل کی گئی ہے۔(فوٹو: ویڈیو گریب)
پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر نے شوبز میں 10 سال مکمل ہونے کے موقع پر گلوکاری کی دنیا میں بھی قدم رکھتے ہوئے اپنا پہلا گانا ’پابلو‘ ریلیز کر دیا۔
پنجابی ہپ ہاپ انداز کے اس گانے کو ہانیہ عامر نے خود لکھا اور کمپوز کیا ہے، جس کا آغاز پیانو کی دھن سے ہوتا ہے اور بعد میں یہ ہپ ہاپ اور ریپ کے انداز میں تبدیل ہو جاتا ہے۔
’پابلو‘ میں ہانیہ عامر نے اپنی شہرت، شخصیت اور اپنے بارے میں ہونے والی تنقید کو موضوع بنایا ہے۔
گانے میں وہ ان لوگوں کو جواب دیتی ہیں جو انہیں ’فیک‘ قرار دیتے ہیں اور ان کی شخصیت پر سوال اٹھاتے ہیں۔
گانے کے بول میں ہانیہ عامر نے اپنے ناقدین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے بارے میں فکر کرنے کے بجائے اپنی زندگی پر توجہ دیں، جبکہ اداکارہ نے اپنی مقبولیت اور مداحوں کا بھی ذکر کیا ہے۔
گانے میں ہانیہ نے اپنے ’پنڈی اٹیٹیوڈ‘ کا حوالہ بھی دیا ہے، جبکہ اس کے ذریعے وہ یہ تاثر دیتی ہیں کہ وہ دوسروں کی رائے کی پروا کیے بغیر اپنی زندگی اپنی مرضی سے گزارنے پر یقین رکھتی ہیں۔
گانے کے اختتام پر راکھی ساونت کی آواز شامل کی گئی ہے۔ یہ کسی روایتی مہمان گلوکارہ کی شرکت کے بجائے راکھی ساونت کا ہانیہ عامر کے لیے وائس نوٹ ہے۔
راکھی ساونت اپنے پیغام میں ہانیہ کو تسلی دیتے ہوئے کہتی ہیں کہ وہ تنقید کی وجہ سے پریشان نہ ہوں۔ 
وہ ہانیہ کی خوبصورتی کی تعریف کرتے ہوئے انہیں ’حور‘ اور ’شیرنی‘ قرار دیتی ہیں اور مخالفین کا بہادری سے سامنا کرنے کا مشورہ دیتی ہیں۔
پیغام کے آخر میں راکھی ساونت کہتی ہیں، ’جو ڈر گیا، سمجھو مر گیا۔‘
ہانیہ عامر نے گانے کی ریلیز سے قبل انسٹاگرام پر اس کی جھلک شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا، ’ہیلو سپاٹیفائی، ہانیہ بات کر رہی ہوں۔‘ اس پر سپاٹیفائی پاکستان کے آفیشل اکاؤنٹ نے بھی جواب دیا۔

گانا ریلیز ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر ہانیہ عامر کے نئے میوزیکل انداز پر مختلف تبصرے سامنے آئے۔

اداکارہ ہرہ خان نے ہانیہ کے نئے گانے کی حمایت کی، جبکہ صہیبہ جبار خٹک نے بھی ان کے میوزیکل ڈیبیو پر ردعمل دیا۔

 مداحوں نے گانے کے کورس اور ہانیہ کے گلوکاری اور ریپ کے نئے انداز کو سراہا، جبکہ راکھی ساونت کے پیغام کو بھی گانے کا غیر متوقع اور دلچسپ حصہ قرار دیا گیا۔
کئی صارفین نے گانے کے انداز اور خاص طور پر اس کے کورس کو پسند کیا، جبکہ بعض کے لیے ہانیہ کا گلوکاری اور ریپ کی جانب آنا حیران کن ہے۔
’پابلو‘ کی میوزک ویڈیو کی ہدایت کاری بھی ہانیہ عامر نے خود کی ہے، جبکہ محمد محتشم نے معاون ہدایت کاری کے ساتھ عکاسی، تدوین اور کلر گریڈنگ کی ذمہ داریاں نبھائی ہیں۔
گانے کی پروڈکشن، مکسنگ اور ماسٹرنگ کمیل عباس نے کی ہے۔

شیئر: