Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ہم سینٹر کی ٹیسٹی ٹِکی ہیں‘، شاہ رُخ خان ہالی وُڈ کی بڑی فلموں سے مقابلے پر پریشان کیوں نہیں؟

فلم کی ٹیم نے زیادہ سے زیادہ لوگوں کو تفریح فراہم کرنے کے لیے بہت محنت کی ہے (فائل فوٹو: انسٹاگرام)
بالی وُڈ کے سُپرسٹار شاہ رُخ خان اپنی آنے والی فلم ’کنگ‘ کی ریلیز کے موقع پر ہالی وُڈ کی بڑی فلموں سے ممکنہ مقابلے پر بالکل پریشان دکھائی نہیں دیتے۔
انڈین میڈیا کے مطابق شاہ رُخ خان کی فلم ’کنگ‘ رواں برس 24 دسمبر کو سنیما گھروں میں ریلیز ہونے جا رہی ہے اور اسی عرصے کے دوران ہالی وڈ کی دو بڑی فلمیں ’ایونجرز: ڈومز ڈے‘ اور ’ڈیون: پارٹ تھری‘ بھی ریلیز ہوں گی۔
منگل کو ’ایکس‘ پر اپنے مقبول ’آسک ایس آر کے‘ سیشن کے دوران ایک مداح نے شاہ رُخ خان سے پوچھا کہ کیا ہالی وڈ کی ان بڑی فلموں کے درمیان ’کنگ‘ کی ریلیز کی تاریخ تبدیل کی جا سکتی ہے؟
مداح کے سوال پر شاہ رُخ خان نے اپنے مخصوص مزاحیہ انداز میں جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس مقابلے سے بالکل پریشان نہیں۔ انہوں نے لکھا کہ ’بالکل نہیں، باقی بریڈ کے ٹکڑوں کے بارے میں بھی تو سوچو، ہم تو سینٹر کی ٹیسٹی ٹِکی ہیں۔‘
شاہ رُخ خان نے اسی سیشن کے دوران فلم کی شوٹنگ کے حوالے سے بھی مداحوں کو آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ’کنگ‘ کی شوٹنگ کے دوران انہیں چند مرتبہ چوٹیں آئیں، جس کی وجہ سے فلم کی شوٹنگ کئی بار روکنا اور دوبارہ شروع کرنا پڑی۔
اداکار نے کہا کہ اب وہ مکمل طور پر صحت یاب ہوچکے ہیں اور فلم کی شوٹنگ قریباً مکمل کرلی گئی ہے۔

ایک اور مداح نے شاہ رُخ خان سے پوچھا کہ وہ ’کنگ‘ میں ناظرین کو سب سے زیادہ کیا دکھانے کے لیے پُرجوش ہیں؟ اس پر اداکار نے فلم کے کسی ایک پہلو کا انتخاب کرنے کے بجائے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ناظرین فلم کی ہر چیز سے لطف اندوز ہوں۔

شاہ رُخ خان کے مطابق فلم کی ٹیم نے زیادہ سے زیادہ لوگوں کو تفریح فراہم کرنے کے لیے بہت محنت کی ہے اور وہ ایکشن، گانوں، اداکاروں اور حتیٰ کہ اپنے بالوں کو بھی ناظرین کے لیے خاص سمجھتے ہیں۔
فلم ’کنگ‘ کی ہدایت کاری سدھارتھ آنند نے کی ہے، جبکہ فلم میں شاہ رُخ خان کے ساتھ ان کی بیٹی سہانا خان، ابھیشیک بچن، رانی مکھرجی، دپیکا پاڈوکون، انیل کپور، جیکی شروف، جیدیپ اہلاوت، ارشد وارثی اور راگھو جویال بھی شامل ہیں۔

’کنگ‘ کی ریلیز رواں برس 24 دسمبر کو متوقع ہے اور فلم کی ریلیز ایسے وقت میں ہورہی ہے جب ہالی وڈ کی دو بڑی فلمیں بھی عالمی باکس آفس پر توجہ حاصل کرنے کی تیاری میں ہیں۔

شیئر: