پاکستان میں ڈیزل کی قیمت 415 روپے سے تجاوز کر گئی، پیٹرول بھی مزید مہنگا
پاکستان میں روزانہ کی بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔ منگل کو حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 4 روپے 10 پیسے جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 6 روپے 41 پیسے کا مزید اضافہ کیا۔
منگل کی رات اوگرا کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفیکیشن کے مطابق ’اضافے کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر نئی قیمت 384 روپے 34 پیسے ہو گئی ہے جبکہ اس سے قبل یہ 380 روپے 24 پیسے کے حساب سے فروخت ہو رہا تھا۔‘
اسی نوٹی فیکیشن میں بتایا گیا ہے کہ ’ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 6 روپے 41 پیسے اضافے کے بعد اس کی نئی قیمت 415 روپے 82 پیسے مقرر کی گئی ہے۔‘
واضح رہے کہ اس سے قبل ہائی سپیڈ ڈیزل فی لیٹر 409 روپے 42 پیسے کے حساب سے فروخت کیا جا رہا تھا۔
اوگرا حکام کے مطابق ’پیٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتوں کا اطلاق جمعے اور سنیچر کی درمیانی رات 12 بجے سے ہوگیا ہے اور یہ قیمتیں بدھ 15 ستمبر کے لیے مقرر کی گئی ہیں۔‘
اوگرا کے حکام کا کہنا ہے کہ ’پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تبدیلی عالمی مارکیٹ میں اُتار چڑھاؤ کو مدنظر رکھ کر کی گئی ہے۔‘
