ریاض ’ٹورائز 2027‘ فورم کے دوسرے ایڈیشن کی میزبانی کرے گا
جمعرات 17 ستمبر 2026 18:05
ٹورائز فورم سرمایہ کاری کے حوالے سے نمایاں عالمی پلیٹ فارم ہے ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر سیاحت اور ٹورائز فورم کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین احمد بن عقیل الخطیب نے ’’ٹورائز 2027‘ فورم کے دوسرے ایڈیشن کے انعقاد کا اعلان کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی زیر سرپرستی یہ فورم ریاض میں 23 سے 25 مارچ 2027 تک جاری رہے گا۔
فورم میں دنیا بھر سے سیاحت، ٹیکنالوجی، سرمایہ کاری، ثقافت اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات شرکت کریں گی۔
شرکا مختلف شعبوں کو درپیش اہم چیلنجز اور میسر مواقع پر تبادلہ خیال کریں گے، عالمی سیاحت کے حوالے سے آئندہ مرحلے کی منصوبہ بندی میں اہم کردار ادا کریں گے۔
ٹورائز فورم کو سرمایہ کاری کے حوالے سے نمایاں عالمی پلیٹ فارم بھی قرار دیا جاتا ہے۔
فورم کے پہلے ایڈیشن نے گزشتہ برس 113 ارب امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری کو متحرک کیا، جس میں سیاحتی مقامات، ہوٹلز، ریٹیل اور مصنوعی ذہانت سمیت مختلف شعبے شامل تھے۔
فورم کے دوسرے ایڈیشن کا عنوان ’اتحادی جو دنیا کو متحرک کریں‘ ہے۔ اس فورم کی اہمیت اجاگر ہوتی ہے جس کا ہدف ایسے اتحاد کو تشکیل دینا ہے جو سیاحت کو سرمایہ، ٹیکنالوجی اور بنیادی ڈھانچے سے مربوط کریں۔

اس سے سرمایہ کاری کے نئے امکانات پیدا کرنے، جدت طرازی کو تیز کرنے اور مسافروں کے تجربے کو مزید آسان بنانے میں مدد ملے گی، جس کے نتیجے میں زیادہ ترقی یافتہ پائیدار اور جامع عالمی سیاحتی معیشت کے قیام کی راہ ہموار ہوگی۔
وزیر سیاحت نے کہا ’سیاحت کا مستقبل کسی ایک منزل، کمپنی یا ادارے کے ذریعے تشکیل نہیں پائے گا بلکہ اس کا تعین ان مضبوط اتحادوں سے ہوگا جو سب مل کر قائم کریں گے۔‘
’ ٹورائز فورم‘ کے دوسرے ایڈیشن کے ذریعے دنیا کو ریاض آنے اور ایسے اتحاد قائم کرنے کی دعوت دی جا رہی ہے جو آئندہ 50 برس کے سیاحتی شعبے کے خدو خال تشکیل دے گا۔‘
گلوبل ٹریول اینڈ ٹورازم کونسل کے صدر و چیف ایگزیکٹو اور فورم کی بورڈ آف ٹرسٹیز کی رکن گلوریا گویرا نے کہا ’سیاحت کے آئندہ مرحلے کا تعین سٹریٹیجک تعاون کی ایسی سطح سے ہوگا جس کی اس سے قبل مثال نہیں ملتی۔‘

ان کے مطابق ’فورم کا عنوان مختلف شعبوں اور سرمایہ کاری کو باہم مربوط کرنے کے لیے تعاون سے پیدا ہونے والے امکانات کی عکاسی کرتا ہے جس کے اثرات سیاحتی مقامات، کمپنیوں اور معاشروں تک پہنچیں گے۔‘
وزارتِ سیاحت نے 2027 کے ایڈیشن کے لیے ابتدائی مقررین کے ایک گروپ کا بھی اعلان کیا ہے جس میں سیاحت ، مہمان نوازی، ٹیکنالوجی اور سیاحتی مقامات کی ترقی کے شعبوں سے وابستہ ممتاز شخصیات شامل ہیں۔
فورم کے مقررین سفر، سیاحت اور ٹرانسپورٹیشن کے مراحل کو آسان بنانے میں اپنے اداروں کے کردار اور عالمی سیاحتی شعبے میں سرمایہ کاری کے اہم مواقع کو اجاگر کریں گے۔
