عمان کے قریب بحری جہاز پر حملہ، ایک انڈین شہری کے ہلاک ہونے کی تصدیق
عمان میں انڈین سفارت خانے نے بدھ کو بتایا کہ ’انڈیا جانے والے بلک کیریئر بحری جہاز’ ایم وی کیپ ڈاؤ‘ پر حملے میں ایک انڈین شہری ہلاک ہوگیا۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق سفارت خانے نے مزید بتایا کہ ’جہاز میں موجود عملے کی حفاظت سے متعلق وہ عمانی حکام کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے۔ جہاز کے عملے میں 19 انڈین شہری بھی شامل ہیں۔‘
عمان کے میری ٹائم سکیورٹی سینٹر نے بتایا کہ ’سلطنتِ عمان کے مسندم گورنریٹ کے قریب جہاز پر حملے کے بعد عملے کو بحفاظت نکالنے کے لیے انخلا کی کارروائی کی گئی۔‘
میری ٹائم سکیورٹی سینٹر کے مطابق ’جہاز سے مجموعی طور پر 27 افراد کو نکال لیا گیا جبکہ عملے کا ایک رکن ہلاک ہوگیا، تاہم اُس وقت مرنے والے شخص کی قومیت ظاہر نہیں کی گئی تھی۔‘
اس سے قبل برطانیہ کی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز (یو کے ایم ٹی او) نے بتایا تھا کہ ایک مال بردار بحری جہاز کے سکیورٹی افسر کے مطابق ’جہاز کو ایک نامعلوم پروجیکٹائل نے نشانہ بنایا۔ حملے کے بعد جہاز میں آگ لگ گئی اور وہ سمندر میں بے قابو ہو کر تیرنے لگا۔‘
برطانیہ کی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز کے مطابق ’جہاز میں موجود عملے کے تمام ارکان کو نکال لیا گیا، جبکہ دو افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ملی۔‘
