مکہ میوزیم میں تین صدی قدیم سنگِ مرمر کی تختی نمائش
سنگِ مرمر کی تختی 1073 ہجری بمطابق 1662 عیسوی کی ہے ( فوٹو: ایس پی اے)
مکہ مکرمہ میں موجود ’عمارۃ الحرمین الشریفین نمائش مرکز‘ میں متعدد نادر تاریخی آثار محفوظ ہیں جن میں سنگِ مرمر کی ایک تختی بھی شامل ہے جو 1073 ہجری بمطابق 1662 عیسوی کی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق سنگِ مرمر کی یہ تختی مسجد الحرام کی تعمیراتی تاریخ کے مختلف مراحل اور ان ادوار میں ہونے والے کاموں کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے۔
میوزیم میں مسجد الحرام کی مختلف ادوار میں تعمیراتی اشیا، کتبے، مخطوطات، کعبہ مشرفہ اور حرمین شریفین سے متعلق دیگر نادر اشیا اور تاریخی تصاویر کے علاوہ مختلف ادوار پر مشتمل تعمیراتی ماڈلز بھی رکھے گئے ہیں۔
مکہ کے علاقہ ’ام الجود‘ میں 1200 مربع میٹر رقبے پر قائم اس عجائب گھر کو مسجد الحرام کے اسلامی طرزِ تعمیر سے ہم آہنگ انداز میں تیار کیا گیا ہے۔ یہاں سات گیلریاں ہیں جن میں مسجد الحرام، خانہ کعبہ، مسجد نبوی، مخطوطات، تاریخی تصاویر اور آبِ زمزم سمیت حرمین شریفین کی تاریخ کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا گیا ہے۔

میوزیم میں تاریخی نوادارت کی ڈیجیٹلائزیشن کے لیے سکیننگ، فوٹوگرافی اور تھری ڈی ڈیزائن کی حامل جدید ٹیکنالوجیز کا استعمال کیا گیا ہے تاکہ ان آثار کی جزئیات کو محفوظ کرتے ہوئے انہیں جدید انداز میں زائرین اور محققین کے لیے پیش کیا جا سکے۔
یہاں موجود تاریخی نوادرات محض ماضی کی یادگاریں ہی نہیں بلکہ حرمین شریفین کی تعمیراتی ترقی اور مختلف ادوار میں ان کی دیکھ بھال کی طویل تاریخ کو سمجھنے کا اہم ذریعہ بھی ہیں۔
