’پہلی فائٹ کا اعلان جلد ہوگا‘، شوبز کے بعد ہانیہ عامر کی باکسنگ رِنگ میں انٹری
جمعرات 17 ستمبر 2026 16:12
ہانیہ عامر نے اداکاری اور گلوکاری کے بعد اب باکسنگ کے کھیل میں بھی قدم رکھ دیا ہے (فائل فوٹو: ویڈیو گریب)
پاکستان کی معروف اداکارہ ہانیہ عامر نے اداکاری اور گلوکاری کے بعد اب باکسنگ کے کھیل میں بھی قدم رکھ دیا ہے ، جبکہ ان کی پہلی باضابطہ فائٹ کے حوالے سے اعلان بھی جلد متوقع ہے۔
ہانیہ عامر کی باکسنگ ٹریننگ کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر سامنے آئی ہے، جس میں وہ ڈبلیو بی او یوتھ ورلڈ باکسنگ چیمپئن عثمان وزیر سے تربیت لیتی نظر آرہی ہیں۔
سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ’انسٹاگرام‘ پر ویڈیو سامنے آنے کے بعد اداکارہ کے اس نئے روپ نے مداحوں کی توجہ حاصل کی ہے۔
پاکستان کے نجی ٹی وی جیو نیوز سے گفتگو میں عثمان وزیر نے تصدیق کی کہ ہانیہ عامر کی وائرل ویڈیو کسی کمرشل، ڈرامے یا تشہیری شُوٹ کا حصہ نہیں بلکہ ’باقاعدگی سے باکسنگ کی تربیت لے رہی ہیں۔‘
عثمان وزیر کے مطابق ہانیہ کو باکسنگ میں حقیقی دلچسپی ہے اور وہ اپنی ٹریننگ کو سنجیدگی سے لے رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ’ہانیہ عامر کی پہلی باضابطہ فائٹ کے حوالے سے اعلان جلد کیا جائے گا۔‘
عثمان وزیر نے رواں برس مارچ میں ’جیو پوڈکاسٹ‘ میں بھی ہانیہ عامر کی باکسنگ صلاحیتوں کا ذکر کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’ہانیہ کی باکسنگ میں ایسی توانائی ہے جس سے ان کے مداح ابھی واقف نہیں۔‘
ان کے مطابق ’ہانیہ کو اپنی ٹریننگ کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر نہ کرنے کا مشورہ دیا گیا تھا۔‘
ٹریننگ کی ویڈیو منظرِعام پر آنے کے بعد ہانیہ عامر کے باکسنگ میں قدم رکھنے پر سوشل میڈیا صارفین بھی دلچسپی کا اظہار کر رہے ہیں، جبکہ مداح ان کی پہلی باضابطہ فائٹ کا انتظار کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ ہانیہ عامر اداکاری کے ساتھ موسیقی کے میدان میں بھی قدم رکھ چکی ہیں اور 10 ستمبر کو اپنا پہلا پنجابی ہپ ہاپ ریپ گانا ’پابلو‘ ریلیز کیا، جسے ہانیہ نے خود لکھا اور کمپوز کیا ہے۔
گانے کے اختتام پر انڈین اداکارہ راکھی ساونت کی ایک وائس میسج بھی شامل ہے۔