Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بہتر اور پرسکون نیند کے لیے دبئی میں مشرقِ وسطیٰ کی پہلی ’نیپ ٹائم‘ کلاس

کوچ ڈیزمنڈ وونگ نے بتایا کہ یہ کلاس مارچ میں شروع کی گئی اور اسے چار مراحل پر مشتمل ’بتدریج آرام کی راہ‘ کے طور پر ترتیب دیا گیا ہے۔ (فوٹو: جم نیشن)
متحدہ عرب امارات میں ایک فٹنس کلب نے نیند کے مسائل سے دوچار افراد کے لیے ایک منفرد قدم اٹھایا ہے، جس کا مقصد لوگوں کو بہتر اور پرسکون نیند فراہم کرنا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق علاقائی فٹنس چین جم نیشن نے ’نیپ ٹائم‘ کے نام سے ایک نئی کلاس متعارف کرائی ہے، جسے مشرقِ وسطیٰ کی پہلی ایسی جم کلاس قرار دیا جا رہا ہے جو شرکا کو نیند میں جانے میں مدد دینے کے لیے ڈیزائن کی گئی ہے۔
جم نیشن کے چیف مارکیٹنگ آفیسر روری مک اینٹی کے مطابق ’دبئی اس کے آغاز کے لیے بہترین جگہ تھی کیونکہ یہ ایک ایسا شہر ہے جہاں توانائی اور پیداواریت عروج پر ہوتی ہے، لیکن اسی وجہ سے لوگوں کے لیے خود کو پرسکون کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔ یہ کلاس آرام کو ایک عیش و عشرت کے بجائے کارکردگی کے ایک اہم حصے کے طور پر پیش کرتی ہے۔‘
کوچ ڈیزمنڈ وونگ نے بتایا کہ یہ کلاس مارچ میں شروع کی گئی اور اسے چار مراحل پر مشتمل ’بتدریج آرام کی راہ‘ کے طور پر ترتیب دیا گیا ہے۔
سیشن کا آغاز ہلکی یوگا طرز کی سٹریچنگ سے ہوتا ہے، جس کے بعد شرکا کنٹرولڈ سانس لینے کی مشق کرتے ہیں تاکہ دل کی دھڑکن کم ہو اور سٹریس ہارمونز جیسے کورٹیسول کی سطح میں کمی آئے۔
تیسرے مرحلے میں لائیو ہینڈ پین موسیقی کے ساتھ مراقبہ کروایا جاتا ہے، جس کے بعد اصل ’نیپ ٹائم‘ ہوتا ہے، ایک ایسا ماحول جہاں بستر، رضائیاں، تکیے اور آئی ماسک فراہم کیے جاتے ہیں تاکہ آرام کرنا آسان ہو جائے۔
وونگ کے مطابق ’کئی حوالوں سے سب سے اہم مرحلہ تیاری کا ہوتا ہے، یعنی سٹریچنگ، سانس کی مشقیں اور مراقبہ۔ نیند لینا تو نتیجہ ہے، لیکن اصل فائدہ اعصابی نظام کو اس حالت میں لانا ہے جہاں آرام فطری بن جائے۔‘

سیشن کا آغاز ہلکی یوگا طرز کی سٹریچنگ سے ہوتا ہے، جس کے بعد شرکا کنٹرولڈ سانس لینے کی مشق کرتے ہیں۔ (فوٹو: ہیلتھ مینجمنٹ)

دبئی میں سیج کلینکس کی کنسلٹنٹ کلینیکل ماہرِ نفسیات ڈاکٹر گوروین رینجر، جو اس کلاس کی تیاری میں شامل تھیں، نے معیاری نیند کے فوائد پر زور دیا۔
ان کے مطابق ’بہتر نیند پٹھوں کی بحالی، ہارمونز کے توازن، ذہنی کارکردگی اور جذباتی صحت کے لیے انتہائی اہم ہے۔ نیند کے دوران جسم اپنے کئی اہم بحالی کے عمل انجام دیتا ہے، جن میں ٹشوز کی مرمت، یادداشت کو مضبوط بنانا اور میٹابولزم کو منظم کرنا شامل ہے۔‘

 

شیئر: