Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’بالی وُڈ بھیڑ چال کا شکار‘، کرینہ کپور کی تنقید میں فلم ’اینیمل‘ کا ذکر کیوں؟

2023 میں ریلیز ہونے والی فلم ’اینیمل‘ پرتشدد مناظر سے بھرپور تھی (فوٹو: شوبز تماشا)
بالی وڈ اداکارہ نے کرینہ کپور نے کسی ایک فلم کے ہٹ ہونے پر انڈسٹری میں ویسی ہی فلمیں بنانے کے رجحان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے رنبیر کپور کی فلم کا حوالہ دیا ہے۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق ایک انٹرویو میں اداکارہ نے بالی وڈ کو بھیڑچال کا شکار قرار دیتے ہوئے فلم ’اینیمل‘ کی مثال دی جو چند سال قبل ریلیز ہوئی تھی اور اس کی کامیابی کے بعد ویسی یہ فلمیں بننا شروع ہوئیں۔
کرینہ کپور کا کہنا تھا کہ چونکہ اس فلم میں کافی تشدد دکھایا گیا تھا تو اس کے بعد سب نے ایسی موضوعات پر کام کیا جن میں تشدد کی بہتات تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ فلم بین اس سے کہیں زیادہ سمجھدار ہیں جتنا فلم انڈسٹری انہیں سمجھتی ہے۔
’اب نوجوان سوچ سمجھ کر فلمیں دیکھتے ہیں اور ایسی کہانیاں پسند کرتے ہیں جو انہیں سوچنے پر مجبور کریں۔‘
ان کے مطابق ’آج بات روایتی لو سٹوریز تک محدود نہیں، یہ چیزیں بہت پرانی ہو گئیں۔‘
کرینہ کپور نے فلم اینیمل کا نام لیتے ہوئے کہا کہ ہمارے ہاں فلم میکنگ میں ایسا مائنڈ سیٹ موجود ہے کہ جس نے اس کی کامیابی کو دیکھتے ہوئے کہا کہ چلو ہم بھی تشدد پر مشتمل فلمیں بناتے ہیں۔‘

رنبیر کپور اور کرینہ کپور آپس میں قریبی رشتہ دار ہیں (فوٹو: بالی وڈ ہنگامہ)

انہوں نے اس کو بھیڑ چال کا نام دیا۔ کوئی بھی فلم ساز کچھ نئی چیز دکھا دے تو سب اسی کے پیچھے ہی چل پڑتے ہیں، اب اس پر بندہ کیا کہے۔
تاہم ساتھ انہوں نے یہ بھی تسلیم کیا کہ ایسے فلم ساز بھی ہیں جو کچھ مختلف کام کرنا چاہتے ہیں، ایسا کام جو ناظرین کو سوچنے پر مجبور کرے۔
’مجھے لگتا ہے کہ اب صورت حال تبدیل ہو رہی ہے، اب لوگ فلم کا ٹریلر دیکھ کر خود فیصلہ کریں گے کہ انہیں یہ فلم دیکھنی چاہیے یا نہیں۔‘
کرینہ کپور کا یہ بھی کہنا تھا کہ اب ناظرین سوچنے پر مجبور کرنے والے سوال پوچھتے ہیں، اب فلم ساز محض یہ سوچ کر فلم نہیں بنا سکتے کہ کامیڈی ہے اس لیے لوگ ضرور دیکھیں گے۔ ہر فلم 200 یا 500 کروڑ کا بزنس نہیں کرے گی۔
ان کے مطابق ’مجھے ایسا لگتا ہے کہ ہم تبدیلی لا رہے ہیں اور فلم بین بھی اس میں ہماری مدد کر رہے ہیں۔‘

کرینہ کپور کی فلم ’دائرہ‘ رواں ماہ ریلیز ہونے والی ہے (فوٹو: آئی ایم ڈی بی)

اداکارہ کرینہ کپور نے 90 کی دہائی کے اواخر میں بالی وڈ میں قدم رکھا تھا اور کئی فلموں میں کام کر چکی ہیں جبکہ جلد ہی ان کی فلم ’دائرہ‘ بھی ریلیز ہونے والی ہے۔
2023 میں ریلیز ہونے والی’اینیمل‘ ایک انتہائی پرتشدد ایکشن ڈراما فلم تھی، جس میں باپ اور بیٹے کے درمیان پیچیدہ تعلق کو دکھایا گیا تھا۔ اس میں رنبیر کپور نے رنوجے وجے سنگھ کا کردار ادا کیا تھا جبکہ انیل کپور نے ان کے والد کا کردار نبھایا تھا۔
اس فلم کو باکس آفس پر انتہائی کامیابی ملی تھی اور اس نے دنیا بھر میں نو سو کروڑ سے زائد روپے کا بزنس کیا تھا۔ اس کا سیکوئل ان دنوں زیر تکمیل ہے۔

 

شیئر: