جی ٹی اے 6 کی ’ایکسٹینڈڈ لُک‘ نیٹ فلکس پر، نئی نمائش میں کیا کچھ مختلف ہوگا؟
جی ٹی اے 6 کی ’ایکسٹینڈڈ لُک‘ نیٹ فلکس پر، نئی نمائش میں کیا کچھ مختلف ہوگا؟
جمعہ 7 اگست 2026 15:46
راک سٹار گیمز نے اعلان کیا ہے کہ ’جی ٹی اے 6: این ایکسٹینڈڈ لک‘ 27 اگست کو جاری کی جائے گی۔(فوٹو:راک سٹار)
گیمنگ کی دنیا کے سب سے زیادہ انتظار کی جانے والی گیم ’گرینڈ تھیفٹ آٹو 6‘ کے شائقین کو رواں ماہ گیم کی ایک نئی اور بڑی جھلک ملنے والی ہے۔
راک سٹار گیمز نے اعلان کیا ہے کہ ’جی ٹی اے 6: این ایکسٹینڈڈ لُک‘ 27 اگست کو جاری کی جائے گی، تاہم اس بار اس کی پہلی نمائش یوٹیوب کے بجائے نیٹ فلکس پر ہوگی۔
راک سٹار کے مطابق ’ایکسٹینڈڈ لُک‘ 27 اگست کو امریکی مشرقی وقت کے مطابق سہ پہر 3 بجے نیٹ فلکس پر پیش کی جائے گی۔ تقریباً 6 گھنٹے بعد یہی ویڈیو راک سٹار گیمز کے یوٹیوب چینل اور ’گرینڈ تھیفٹ آٹو 6‘ کی آفیشل ویب سائٹ پر بھی دستیاب ہوگی۔
راک سٹار نے ابھی یہ نہیں بتایا کہ ’ایکسٹینڈڈ لُک‘ کتنی طویل ہوگی یا اس میں کیا کچھ دکھایا جائے گا۔
تاہم امریکی ویب سائٹ وائس کے مطابق نیٹ فلکس کسٹمر سپورٹ سے رابطہ کرنے والے ایک صارف کو بتایا گیا کہ ویڈیو کا دورانیہ تقریباً 20 منٹ ہوسکتا ہے۔
وائس کے مطابق نیٹ فلکس سپورٹ سے ملنے والی اس اطلاع میں 27 اگست کو امریکی مشرقی وقت کے مطابق سہ پہر 3 بجے کا وقت بھی بتایا گیا تھا۔
تاہم 20 منٹ کا دورانیہ حتمی نہیں سمجھا جاسکتا کیونکہ یہ معلومات کسٹمر سپورٹ سے حاصل ہوئی ہیں اور جواب دینے والا نمائندہ ممکنہ طور پر اے آئی چیٹ بوٹ ہوسکتا ہے۔ راک سٹار نے بھی ویڈیو کی مدت کی تصدیق نہیں کی۔
20 منٹ کی ویڈیو کی بات کیوں اہم ہے؟
اگر 20 منٹ کا دورانیہ درست ثابت ہوتا ہے تو یہ عام مختصر ٹریلر کے مقابلے میں خاصی طویل پیشکش ہوگی۔ اس کی اہمیت اس لیے بھی ہے کہ راک سٹار نے اب تک جی ٹی اے 6 کا مکمل گیم پلے عوام کے سامنے پیش نہیں کیا۔
وائس کے مطابق جی ٹی اے سے متعلق معروف مواد تخلیق کار ڈارک وائپر اے یو نے جون میں دعویٰ کیا تھا کہ گیم کی اگلی ویڈیو تقریباً 20 منٹ طویل ہوسکتی ہے۔ ایک ذریعے کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ اگر ویڈیو واقعی اتنی طویل ہوئی تو ان کے خیال میں یہ گیم پلے پر مبنی ہوسکتی ہے۔
نیٹ فلکس سپورٹ سے سامنے آنے والی تقریباً 20 منٹ کی معلومات نے اس دعوے کو ایک بار پھر توجہ کا مرکز بنا دیا ہے۔
وائس نے گیمنگ انسائیڈر نیٹ دی ہیٹ کے ایک سابقہ بیان کا بھی ذکر کیا ہے، جنہوں نے جی ٹی اے 6 کی اگلی ویڈیو کو گیم کا ایک ’معنی خیز جائزہ‘ قرار دیا تھا۔ تاہم یہ واضح نہیں کہ ان کا اشارہ اسی ’ایکسٹینڈڈ لک‘ کی طرف تھا یا کسی دوسری ویڈیو کی جانب۔
’ایکسٹینڈڈ لک‘ میں کیا دکھایا جاسکتا ہے؟
اگر 20 منٹ کا دورانیہ درست نکلتا ہے تو شائقین کو ایک مختصر ٹریلر کے بجائے گیم پلے اور اس میں موجود دنیا کی زیادہ تفصیلی جھلک ملنے کی توقع ہے۔
اس سے شائقین کو یہ دیکھنے کا موقع مل سکتا ہے کہ گیم کھیلتے وقت کیسی نظر آتی ہے اور اس کی دنیا کس طرح کام کرتی ہے۔ تاہم ’ایکسٹینڈڈ لک‘ میں کون سے مناظر یا فیچرز شامل ہوں گے، اس بارے میں راک سٹار نے ابھی کوئی تفصیلات جاری نہیں کیں۔
اس لیے جیسن اور لوسیا کے مخصوص مشنز، گاڑیوں، پولیس، لڑائی یا دیگر فیچرز کی موجودگی کے بارے میں فی الحال کوئی حتمی دعویٰ نہیں کیا جاسکتا۔
جی ٹی اے 6 کی اب تک کی جھلک
راک سٹار نے جی ٹی اے 6 کا پہلا ٹریلر دسمبر 2023 میں جاری کیا تھا، جبکہ دوسرا ٹریلر مئی 2025 میں سامنے آیا۔
گیم کی کہانی جیسن اور لوسیا کے گرد گھومتی ہے۔ راک اسٹار کے مطابق ایک آسان واردات ناکام ہونے کے بعد دونوں ریاست لیونیڈا میں پھیلی ایک بڑی مجرمانہ سازش میں پھنس جاتے ہیں اور مشکل حالات سے نکلنے کے لیے ایک دوسرے پر انحصار کرتے ہیں۔
پاکستانی شائقین کے لیے ’ایکسٹینڈڈ لک‘ 28 اگست کی رات 12 بجے نیٹ فلکس پر دستیاب ہوگی۔(فوٹو:راک سٹار)
گیم کی دنیا میں وائس سٹی بھی شامل ہے، جو گرینڈ تھیفٹ آٹو سیریز کے معروف مقامات میں سے ایک ہے۔
’گرینڈ تھیفٹ آٹو 6‘ کی ریلیز 19 نومبر 2026 کو مقرر ہے۔ گیم ابتدائی طور پر پلے اسٹیشن 5 اور ایکس باکس سیریز ایکس اور ایس کے لیے دستیاب ہوگی۔
پاکستانی شائقین کے لیے ’ایکسٹینڈڈ لک‘ 28 اگست کی رات 12 بجے نیٹ فلکس پر دستیاب ہوگی، جبکہ تقریباً 6 گھنٹے بعد، یعنی 28 اگست کی صبح 6 بجے، یہی ویڈیو راک اسٹار گیمز کے یوٹیوب چینل اور ’گرینڈ تھیفٹ آٹو 6‘ کی آفیشل ویب سائٹ پر جاری کی جائے گی۔
ویڈیو کا ممکنہ دورانیہ تقریباً 20 منٹ بتایا گیا ہے، تاہم راک اسٹار نے اس کی باضابطہ تصدیق نہیں کی۔