گیمنگ کی دنیا کی سب سے زیادہ انتظار کی جانے والی گیم ’گرینڈ تھیفٹ آٹو 6‘ کی مبینہ گیم پلے ویڈیوز اور مکمل نقشہ آن لائن لیک ہوگیا، جبکہ لیک کرنے والے گروپ نے راک سٹار گیمز کو مزید مواد جاری کرنے کی دھمکی دے دی۔
گیمنگ ویب سائٹ ’آئی جی این‘ کے مطابق جی ٹی اے 6 کی دو مبینہ گیم پلے ویڈیوز اور گیم کے مکمل نقشے کی تصاویر آن لائن سامنے آئی ہیں۔ لیک کی ذمہ داری ’سائبر لیک‘ نامی گروپ نے قبول کی ہے۔
مزید پڑھیں
ایک ویڈیو میں گیم کے مرکزی کردار جیسن کو ایک ڈلیوری وین کے ڈرائیور سے لڑتے دیکھا گیا۔ اس دوران سکرین پر دو سٹارز والا وانٹڈ لیول دکھائی دیتا ہے، جبکہ لیک کے مطابق گیم میں زیادہ سے زیادہ چھ سٹارز والا وانٹڈ سسٹم ہوسکتا ہے۔
دوسری ویڈیو میں جیسن کو باسکٹ بال کھیلتے دیکھا گیا۔ اس منظر میں گیم کا فوکس سٹیٹ بھی دکھائی دیتا ہے، جس میں باسکٹ کرنے کے بعد اضافہ ہوتا نظر آتا ہے۔
مبینہ گیم پلے میں گاڑی کے اندر لوڈ آؤٹ اور سٹوریج کے آپشنز بھی دکھائی دیتے ہیں، جبکہ گاڑی میں فیول گیج بھی نظر آتا ہے۔
لیک میں گیم کے مبینہ مکمل نقشے کی تصاویر بھی سامنے آئی ہیں، جس میں خیالی ریاست لیونِڈا کے مختلف علاقے دکھائی دیتے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق نقشہ پانچ کاؤنٹیز پر مشتمل ہے اور اس میں متعدد مقامات کے نام بھی سامنے آئے ہیں۔
تاہم راک سٹار گیمز اور اس کی پیرنٹ کمپنی ٹیک ٹو انٹرایکٹو نے ان لیکس کی باضابطہ تصدیق نہیں کی، اس لیے لیک شدہ گیم پلے اور نقشے کی تفصیلات کو حتمی نہیں سمجھا جاسکتا۔

دوسری جانب راک سٹار کی جانب سے لیک شدہ مواد ہٹانے کے لیے ڈی ایم سی اے نوٹسز جاری کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔
سائبر لیک نے گیم کی معلومات جاری کرنے کے ساتھ گیمنگ انڈسٹری کے ڈیجیٹل کاروباری ماڈل پر بھی اعتراض کیا ہے۔ گروپ نے فزیکل گیم کاپیاں دستیاب کرانے اور ڈیجیٹل پری آرڈر کے طریقہ کار پر نظرثانی کا مطالبہ کیا ہے۔
گروپ نے مطالبات پورے نہ ہونے کی صورت میں جی ٹی اے 6 سمیت مزید گیمز کا مواد جاری کرنے کی دھمکی بھی دی ہے۔

یہ لیک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب راک سٹار جی ٹی اے 6 کی مزید سرکاری جھلک پیش کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔
جی ٹی اے 6 کا ایکسٹینڈڈ لک 27 اگست 2026 کو نیٹ فلکس پر پیش کیا جائے گا، جبکہ گیم کی ریلیز 19 نومبر 2026 کو پلے سٹیشن 5 اور ایکس باکس سیریز ایکس اور ایس کے لیے مقرر ہے۔











