Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’جی ٹی اے 6‘ کی ایکسٹینڈڈ لک آج رات، پاکستان میں کب اور کہاں دیکھی جا سکے گی؟

’جی ٹی اے 6‘ کی خصوصی ’ایکسٹینڈڈ لک‘ آج جاری کی جائے گی۔(فوٹو:اے ایف پی)
راک سٹار گیمز کی متوقع ’گرینڈ تھیفٹ آٹو 6‘ کی خصوصی ’ایکسٹینڈڈ لک‘ آج جاری کی جائے گی، جس میں گیم کے گیم پلے اور اس میں موجود دنیا کی مزید جھلکیاں دکھائے جانے کی توقع ہے۔
راک سٹار گیمز نے ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ ٹیم ’ایکسٹینڈڈ لک‘ پیش کرنے کے لیے پرجوش ہے، تاہم گیم کی تیاری اور مزید تفصیلات و آفیشل گیم پلے شیئر کرنے میں توقع سے زیادہ وقت لگا۔
 کمپنی نے شائقین کا ان کی حمایت پر شکریہ بھی ادا کیا اور کہا کہ وہ ان کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے پرعزم ہے۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب گزشتہ ہفتے ’جی ٹی اے 6‘ کے گیم پلے کی متعدد ویڈیوز غیر مجاز طور پر لیک ہوئی تھیں۔ 
راک سٹار نے کہا کہ گیم پلے کا اس طرح منظر عام پر آنا ٹیم کے لیے ’دل توڑ دینے والا‘ تھا اور یہ وہ طریقہ نہیں تھا جس سے وہ شائقین کو گیم دکھانا چاہتے تھے۔
کمپنی نے لیکس پر معذرت کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ اس سے بعض شائقین کے لیے گیم کا اصل تجربہ متاثر ہوسکتا ہے، لیکن وہ امید کرتے ہیں کہ شائقین مزید کچھ عرصہ انتظار کریں گے اور 19 نومبر کو خود گیم کا تجربہ کریں گے۔

’جی ٹی اے 6‘ ایکسٹینڈڈ لک کب اور کہاں دیکھی جا سکے گی؟

راک سٹار گیمز کے مطابق ’گرینڈ تھیفٹ آٹو 6: این ایکسٹینڈڈ لک‘ پہلے نیٹ فلکس پر پریمیئر کی جائے گی۔ اس کے چھ گھنٹے بعد یہی پریزنٹیشن راک سٹار گیمز کے آفیشل یوٹیوب چینل اور ’گرینڈ تھیفٹ آٹو 6‘ کی ویب سائٹ پر مفت دستیاب ہوگی۔
نیٹ فلکس پر پریمیئر 27 اگست کو امریکی مشرقی وقت کے مطابق سہ پہر 3 بجے ہوگا، جبکہ یوٹیوب اور گیم کی آفیشل ویب سائٹ پر یہ اسی روز رات 9 بجے جاری کی جائے گی۔

 پاکستان میں ریلیز کا وقت

پاکستانی وقت کے مطابق نیٹ فلکس پر ’جی ٹی اے 6 ایکسٹینڈڈ لک‘ 27 اور 28 اگست کی درمیانی شب  12 بجے دستیاب ہوگی۔
جبکہ نیٹ فلکس پریمیئر کے چھ گھنٹے بعد راک سٹار گیمز کے آفیشل یوٹیوب چینل اور ’جی ٹی اے 6‘ کی ویب سائٹ پر یہ پریزنٹیشن 28 اگست کی صبح 6 بجے مفت دیکھی جا سکے گی۔
پاکستان میں نیٹ فلکس صارفین اسے 27 اور 28 اگست کی درمیانی شب 12 بجے دیکھ سکیں گے، جبکہ چھ گھنٹے بعد یہی پریزنٹیشن یوٹیوب پر مفت دستیاب ہوگی۔

 ’جی ٹی اے 6‘ ایکسٹینڈڈ لک میں کیا دکھایا جائے گا؟

راک سٹار گیمز اور نیٹ فلکس نے ابھی تک ’ایکسٹینڈڈ لک‘ کے مکمل مواد یا دورانیے کی تفصیلات جاری نہیں کیں، اس لیے اس میں دکھائے جانے والے مخصوص گیم پلے، مشنز یا دیگر فیچرز کے بارے میں حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا۔
تاہم شائقین کو ’جی ٹی اے 6‘ کی دنیا، گیم پلے اور مرکزی کرداروں جیسن اور لوسیا سے متعلق مزید مناظر دیکھنے کو ملنے کی توقع ہے۔
’گرینڈ تھیفٹ آٹو 6‘ کی باضابطہ ریلیز رواں سال 19 نومبر کو پلے سٹیشن 5 اور ایکس باکس سیریز ایکس اور ایس کے لیے شیڈول ہے۔
 

شیئر: