Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ترکی میں ریستوران دوبارہ کھل گئے، ڈاکٹروں کا اظہار تشویش

گریڈ 8 تا12میں جزوی طور پر تعلیم کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔(فوٹوعرب نیوز)
ترک حکومت کی جانب سے کوورونا وائرس کے انسداد کے لئے عائد شدہ پابندیوں میں نرمی کے اعلان کے بعد منگل کوریستوران دوبارہ کھل گئے۔
روئٹرز نیوز ایجنسی کے مطابق ترکی میں  بہت سے بچے بھی سکولوں میں واپس آگئے ہیں تاہم اعلیٰ میڈیکل ایسوسی ایشن نے اس صورتحال پرخدشات کا اظہار کیا ہے۔
ترک صدر  رجب طیب اردگان نے کنٹرولڈ نارملائزیشن کے زیر عنوان اقدامات کرتے ہوئے کورونا  وائرس کے کم اور درمیانی خطرے والے شہروں میں اختتام ہفتہ پر لاک ڈاؤن اٹھانے اور زیادہ خطرے والے شہروں میں اتوار کو محدود لاک ڈاؤن کرنے کا اعلان کیا تھا۔

ویکسی نیشن مہم کے دوران 89 لاکھ60 ہزارافراد کو انجکشن لگے ہیں۔ (فوٹوحریت ڈیلی)

کیفے اور ریستوران کے مالکان جو پچھلے سال کے زیادہ حصے میں ’ٹیک اوے‘خدمات تک محدود رہے ہیں، وہ کافی عرصے سے ریستوران کے اندرکھانے پینے کی خدمات فراہم کرنے کا سلسلہ دوبارہ شروع کرنے کی اجازت پر زور دے رہے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ریستوران سیکٹر کی آمدنی میں65 فیصدتک کی کمی  ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ بڑھتے ہوئے قرض، سوشل سیکیورٹی اور ٹیکس جیسی ادائیگیوں میں بھی آسانی چاہتے ہیں۔

یہاں جنوری کے آخر میں کورونا کیسزکی یومیہ تعداد 6 ہزار تھی۔(فوٹو یوایس نیوز)

استنبول میں قائم’پدیبان‘ ریستوران کے مالک یوسف کپتانوغلونے پابندیوں میں نرمی کے اعلان سے قبل کہاتھا کہ ہم ایک ہفتہ میں 4 سے 5ہزار لوگوں کو خدمات فراہم کر رہے تھے تاہم اب ’ٹیک اوے‘ یعنی ’کھانا گھر لے جائیے‘جیسی محدود خدمت کے باعث ہم صرف 500افراد کو خدمات فراہم کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مجھے اس سلسلے میں قرض سمیت کسی بھی مدد سے کوئی فائدہ نہیں ہوا۔
پورے ترکی میں پری پرائمری اور پرائمری سکولوں کے ساتھ ساتھ گریڈ 8 تا12میں جزوی طور پر تعلیم کا آغاز ہوا ہے۔

ریستوران سیکٹر کی آمدنی میں65 فیصدتک کی کمی  ہوچکی ہے۔(فوٹو سوشل میڈیا)

ترک حکومت کی جانب سے مذکورہ اقدامات اس وقت کئے گئے ہیں جب ترکی میں سرکاری اعداد و شمار کے مطابق کورونا وائرس کے یومیہ نئے کیسزکی تعداد پیرکو9891 تک جا پہنچی تھی۔
یہ تعداد  گیارہ جنوری کے بعد سب سے زیادہ اور ایک دن پہلے سامنے آنے والے 8424 سے بھی بڑھ کر تھی۔ جنوری کے آخر میں کورونا کیسزکی یومیہ تعداد 6 ہزار تھی۔
 
ترک میڈکس ایسوسی ایشن نے ٹیوٹر پر کہا ہے کہ ’ترمیم شدہ وائرس‘ کے کیسزکی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں ماضی جیسے ’معمول کے حالات‘کی جانب واپسی نظر نہیں آرہی۔ انہوں نے زور دیا کہ لوگوں کو ویکسین لگانے اور کورونا ٹیسٹ کرنے کی شرح میں اضافہ کیا جائے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ سیاسی اور معاشی مفادات کو انسانی زندگی اور سائنس پر فوقیت نہیں دی جانی چاہئے۔
883 ملین کی آبادی والے ملک ترکی نے جنوری کے وسط میں شروع کی جانے والی ویکسی نیشن مہم کے دوران 89 لاکھ60 ہزار لوگوں کو ویکسین کے انجکشن لگائے گئے ہیں۔
 ان میں 70 لاکھ سے زائد افراد کو پہلی خوراک اور 18لاکھ 90ہزار افراد کو دوسری  خوراک دی جا چکی ہے۔
 

شیئر: