Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات کے سلامتی کونسل کی نشست کیلئے انتخاب کا خیرمقدم

متحدہ عرب امارات نے1971میں اقوام متحدہ میں شمولیت اختیار کی تھی۔(فوٹو عرب نیوز)
خلیجی اور عرب ریاستوں اور تنظیموں نے 23-2022 کیلئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی غیر مستقل نشست کے لئے متحدہ عرب امارات کے انتخاب کا خیرمقدم کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق بحرین کی شوریٰ کونسل کے چیئرمین علی بن صالح الصالح نے متحدہ عرب امارات کی کامیابی پر فخر کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس کامیابی سے یو اے ای کی عالمی امن و سلامتی کو فروغ دینے کے لئے وقف شدہ کوششوں کی تصدیق ہوتی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے)کی رپورٹ کے مطابق عرب پارلیمنٹ کے سپیکر عادل بن عبد الرحمن العصومی نے متحدہ عرب امارات کی کامیابی کے لئے نیک خواہشات پیش کرتے ہوئے بڑے چیلنجوں سے نمٹنے کے حوالے سے امارات کی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
اسلامی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر یوسف بن احمد العثیمین نے متحدہ عرب امارات ، گبون اور البانیہ کو ان کی کامیابی پر مبارکباد پیش کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی نشستوں پر کامیابی سے بین الاقوامی امن کو مستحکم کرنے میں ان ممالک کے کردار کی عکاسی ہوتی ہے۔
کویت کے وزیر خارجہ شیخ ڈاکٹر احمد نصر ال محمد الصباح نے متحدہ عرب امارات کے ہم منصب شیخ عبداللہ بن زاید النہیان سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے عالمی امن اور سلامتی کے حصول میں متحدہ عرب امارات کی اپنے ملک کی جانب سے مکمل حمایت کی۔

امارات، بین الاقوامی امن و سلامتی کو برقرار رکھنے کا خواہاں ہے۔ (فوٹو عرب نیوز)

اردن کی وزارت خارجہ نے بھی مشترکہ عرب امور اور مفادات نیز بین الاقوامی استحکام اور سلامتی کے تحفظ کیلئے یو اے ای کی خدمات کے لئے اپنی حمایت کا اظہار کیا۔
متحدہ عرب امارات کے وزیر برائے امور خارجہ اور بین الاقوامی تعاون شیخ عبد اللہ بن زاید نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کے تعاون سے عالمی چیلنجوں کا فوری مقابلہ کرنے کے لئے ہمارا ملک اپنی ذمہ داری ادا کرنے کے لئے ہمیشہ تیار رہا ہے۔
ہم عالمی ادارے کی رکنیت سے وابستہ عظیم ذمہ داری اور سلامتی کونسل کو درپیش چیلنجوں کی اہمیت سے واقف ہیں۔ متحدہ عرب امارات، عزم اور استقامت کے ساتھ بین الاقوامی امن و سلامتی کو برقرار رکھنے کا خواہاں ہے۔
اقوام متحدہ میں متحدہ عرب امارات کی مستقل نمائندہ لانا  ذکی نصیبہ نے کہا کہ سلامتی کونسل میں دو برسوں میں خدمات کی انجام دہی کے دوران ہماری ٹیم نیو یارک، ابوظبی اور پوری دنیا میں رکن ممالک سے تعلق رکھنے والے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر تعمیری کام انجام دے گی۔
ماحولیاتی تبدیلی، عالمی سطح پر صحت بحران اور وبائی امراض سے نمٹنے اور امن کے حصول کے لئے کام کیا جائے گا۔

وبائی امراض سے نمٹنے اور امن کے حصول کے لئے کام کیا جائے گا۔ (فوٹو عرب نیوز)

ذکی نصیبہ نے البانیہ، برازیل، گبون اور گھانا کو کونسل کے لئے منتخب ہونے پر مبارکباد بھی دی اور کہا کہ وہ زیادہ پرامن، محفوظ اورجامع مستقبل کی تعمیر کے لئے مل کر کام کرنے کی منتظر ہیں۔
سفارت کاروں نے پیش گوئی کی ہے کہ اس تبدیلی سے سلامتی کونسل کے اندر طاقت کا توازن تبدیل ہو جائے گا۔
واضح رہے کہ کل 193 ووٹوں میں سے برازیل کو181، متحدہ عرب امارات کو 179، البانیہ کو175، گبون کو 183 اور گھانا کو 185 ووٹ ملے۔
سلامتی کونسل کے یہ پانچوں نئے ممبران یکم جنوری2022 سے اپنی نشستیں سنبھالیں گے۔ یہ ایستونیا، نائجر، سینٹ ونسنٹ اینڈ گریناڈینز، تیونس اور ویتنام کی جگہ لیں گے جن کی دو سالہ مدت 31 دسمبر کو ختم ہوگی۔
دریں اثنا متحدہ عرب امارات نے1971میں اقوام متحدہ میں شمولیت اختیار کی تھی۔ اسی سال اس ملک کی بنیاد رکھی گئی۔ اس سے قبل 87-1986 میں سلامتی کونسل کی نشست متحدہ عرب امارات  کے پاس رہی ہے۔
 

شیئر: