Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نیوزی لینڈ کے سپنر اعجاز پٹیل کی ایک اننگز میں 10 وکٹیں

اعجاز پٹیل یہ کارنامہ انجام دینے والے دنیا کے تیسرے بولر ہیں۔ (تصویر: اے ایف پی)
نیوزی لینڈ کے سپنر اعجاز پٹیل نے انڈیا کے خلاف ممبئی میں کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 10 وکٹیں حاصل کر لی ہیں۔
اعجاز پٹیل ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ یہ کارنامہ انجام دینے والے دنیا کے تیسرے بولر ہیں۔ انہوں نے جم لیکر اور انیل کمبلے کا ریکارڈ برابر کر دیا ہے۔ 
یہ کارنامہ اعجاز پٹیل نے انڈیا کے خلاف ممبئی کے وانکھڈے سٹیڈیم میں جاری دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن سرانجام دیا۔
انہوں نے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 48 اوورز میں 119 رنز دے کر انڈیا کے تمام کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا اور ہوم ٹیم کو 325 رنز تک محدود کر دیا۔
انڈیا کی جانب سے ماینک اگروال نے 150 اور اکشر پٹیل نے 52 رنز بنائے۔ 
اس سے قبل انگلینڈ کے جم لیکر نے 1953 میں مانچیسٹر میں آسٹریلیا کے خلاف اور انڈیا کے انیل کمبلے نے پاکستان کے خلاف دہلی کے فیروز شاہ کوٹلہ سٹیڈیم میں 10 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ تاہم اعجاز پٹیل نے یہ اعزاز اپنے ملک نیوزی لینڈ سے دور انڈیا میں حاصل کیا ہے۔
 
واضح رہے 34 سالہ اعجاز پٹیل اپنے خاندان کے ساتھ 1996 میں نیوزی لینڈ ہجرت کرکے آئے تھے اور وہ نیوزی لینڈ کی قومی ٹیم کے لیے کھیلنے والے پانچویں انڈین نژاد کھلاڑی ہیں۔
ان سے قبل انڈین نژاد کھلاڑی ٹیڈ بیڈکوک، ٹام پونا، اش سودھی اور جیت راول نیوزی لینڈ کی نمائندگی کرچکے ہیں۔
انڈیا کے سابق لیگ سپنر انیل کمبلے نے اعجاز پٹیل کو 10 وکٹیں حاصل کرنے پر سراہا اور کہا ’ویلکم ٹو دا کلب‘۔
سابق انڈین سپنر کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ میچ کے پہلے اور دوسرے دن دس وکٹیں لینا خاص کوششوں کا نتیجہ ہے۔

انڈیا کے ایک اور سابق سپنر ہربھجن سنگھ نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’اعجاز پٹیل، یہ زندگی بھر یاد رکھا جائے گا۔‘
’مجھے اٹھنے دیں اور تالیاں بجانے دیں۔‘

آسٹریلین بیٹسمین ایرون فنچ بھی اعجاز پٹیل سے متاثر ہوئے اور نیوزی لینڈ کے سپنر کی کارکردگی کو سراہا۔

انڈیا کے سابق بیٹسمین وی وی ایس لکشمن نے لکھا کہ اعجاز پٹیل نے یہ کارنامہ اسی شہر میں سرانجام دیا جہاں وہ پیدا ہوئے تھے۔

دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ کانپور میں بے نتیجہ ختم ہوا تھا، جبکہ اس سے قبل ٹی 20 سیریز انڈیا نے 3-0 سے جیتی تھی۔

شیئر: