Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قطر میں صحت عملے کی چھٹیاں تاحکم ثانی منسوخ

قطر میں کورونا وائرس کے اب تک دولاکھ 48 ہزار کیسز ریکارڈ ہوئے ہیں۔ (فوٹو عرب نیوز)
خلیج میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے پیش نظر اس وبا سے نمٹنے کے لیے قطر  میں محکمہ صحت کے تمام طبی اور انتظامی عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔
اے ایف پی نیوز کے مطابق خلیجی تعاون کونسل کی ریاستوں میں گذشتہ مہینوں میں کورونا وائرس کے نئے کیسز زیادہ ریکارڈ کوے جا رہے ہیں۔
حمد میڈیکل کارپوریشن کی جانب سے جاری کی گئی ہدایات میں کہا گیا ہے کہ قطر میں کورونا وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد میں حالیہ اضافے کی وجہ سے عالمی وبائی مرض کی روک تھام کے لیے کام کرنے والے کلینیکل اورانتظامی عملے کے لئے تمام منظور شدہ چھٹیوں کی درخواستیں روکنے کا مشکل فیصلہ کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ طبی عملے کی چھٹیوں کی منسوخی کا فیصلہ آئندہ نوٹس تک فوری طورپر نافذ العمل ہو گا۔
مزید واضح کیا گیا ہے کہ قطر2022 میں ہونے والے فٹبال ورلڈ کپ کی میزبانی کے لیے تیاری کررہا ہے لہذا عملے کو اوورٹائم کرنے کا معاوضہ دیا جائے گا۔
کورونا وائرس کے پھیلاو کے آغاز سے اب تک قطر میں دولاکھ 48 ہزار مثبت کیسز ریکارڈ پر آئے ہیں۔ کورونا وبا کے باعث ہونے والی اموات 616 ریکارڈ کی گئی ہیں۔گذشتہ روز پیر کو مثبت آنے والے کیسز کی تعداد 343 نوٹ کی گئی جو کہ مئی  کے مہینے کے بعد سب سے زیادہ تھی۔

قطر فٹبال ورلڈ کپ 2022 کی میزبانی کی تیاری کررہا ہے۔ (فوٹو عرب نیوز)

علاوہ ازیں دنیا میں سب سے زیادہ ویکسینیشن کی شرح ہونے کے باوجودمتحدہ عرب امارات نے خلیجی ممالک میں سب سے زیادہ سات لاکھ 53 ہزار   سے زیادہ  مثبت کیسز ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ پیر کویہاں پر کورونا وبا کے 1732 کیسز ریکارڈ کیے گئےجو گذشتہ چھ ماہ میں سب سے زیادہ تعداد ہے۔
دبئی میں جاری ایکسپو 2020 کی انتظامیہ کی جانب سے کہا  گیا ہے کہ عملے میں وائرس پھیلنے سے ایکسپو کے کچھ مقامات کو مکمل سینیٹائزیشن کے لیے عارضی طورپر بند کرنا پڑسکتا ہے۔
ایکسپو2020 میں کورونا وائرس سے متعلق مختلف احتیاطی تدابیر کو نافذ کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں جس میں چہرے کا ماسک لگانا لازمی ہے اور ویکسین کا سرٹیفکیٹ یا ایکسپو میں داخلے کے لیے کورونا وائرس کا منفی ٹیسٹ ہونا ضروری ہے۔
 

شیئر: