Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سابق شوہر نے خاتون کے دانت توڑ دیے، 50 ہزار درہم ہرجانہ

 اپیل کورٹ نے پرائمری کورٹ کے فیصلے کی توثیق کردی (فائل فوٹو: امارات الیوم)
متحدہ عرب امارات میں ابوظبی اپیل کورٹ نے خاتون کے دانت توڑنے پر سابق شوہر کو 50 ہزار درہم کا معاوضہ ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔
 اپیل کورٹ نے پرائمری کورٹ کے فیصلے کی توثیق کردی۔ 
الامارات الیوم کے مطابق ابوظبی میں طلاق یافتہ خاتون نے اپنے سابقہ شوہر کے خلاف مقدمہ دائر کیا تھا۔  
خاتون نے عدالت میں موقف اختیار کیا تھا کہ ’سابق شوہر نے سکریو ڈرایور سے اس پر حملہ کیا تھا جس سے اس کے دانت ٹوٹ گئے۔ اس کی توہین بھی کی گئی۔‘
عدالت میں میڈیکل  رپورٹ ثبوت کے طور پر پیش کی گئی۔ 
خاتون نے تین لاکھ درہم ہرجانے کا مطالبہ کیا تھا تاہم پرائمری کورٹ نے 50 ہزار درہم ادا کرنے کا حکم سنایا۔ 
پرائمری کورٹ کے فیصلے پر خاتون اور اس کے سابق شوہر دونوں نے اپیل کورٹ سے رجوع کیا تھا۔
اپیل کورٹ نے پرائمری کورٹ کے فیصلے کی توثیق کرتے ہوئے کہا کہ ’عدالت نے قانون کے نفاذ میں کوئی غلطی نہیں کی۔ سابق شوہر کی جانب سے زدوکوب کیے جانے سے خاتون کو جسمانی اور ذہنی تکلیف پہنچی تھی۔ ثبوت میڈیکل رپورٹ جمع کرائی گئی۔‘
اپیل کورٹ نے تسلیم کیا کہ ’مارپیٹ سے خاتون کے دانتوں کو آٹھ فیصد نقصان پہنچا ہے جبکہ تشدد سے جسم  کے مختلف حصے متاثر ہوئے ہیں۔‘ 
اپیل کورٹ نے 50 ہزاردرہم معاوضے کو کافی قراردیا اور کہا کہ ’فریقین اپیل کورٹ سے رجوع کرنے پر آنے والے اخراجات کی تلافی بھی کریں۔‘ 

شیئر: