Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عرب لیگ و رابطہ عالم اسلامی کی جنین پر اسرائیلی حملے کی مذمت

عالمی برادری مداخلت کر کے اسرائیل کی بڑھتی ہوئی کارروائیوں کو روکے۔ فوٹو اے پی
عرب لیگ اور رابطہ عالم اسلامی کی جانب سے مغربی کنارے کے قریب جنین کیمپ میں رہنے والے فلسطینیوں پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے قتل عام قرار دیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق اسرائیلی سیکیورٹی فورس کی جانب سے منگل کو کئے جانے والے اس حملے میں چھ فلسطینی ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے ہیں۔
عرب لیگ کے جنرل سیکرٹری احمد ابوالغیط نے بدھ کے روز اپنے بیان میں کہا ہے کہ جنین کیمپ پر حملہ اسرائیل کی انتہائی دائیں بازو کی حکومت کی طرف سے جاری کھلی جنگ ہے۔
عرب لیگ کی جانب سے اس حملے کی مذمت میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے یہ مسلسل اور منظم قتل عام ہے۔
واضح رہے کہ  فلسطینی علاقوں مغربی کنارے، جنین، نابلس، اریحا اور دیگر فلسطینی شہروں و دیہات میں فلسطینی عوام کے خلاف گزشتہ نومبر سے اس طرح کے جرائم کا سلسلہ جاری ہے۔
عرب لیگ نے عالمی برادری بالخصوص سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا کہ فلسطینی عوام کو اس طرح کے حملوں اور قتل عام سے روکنے کے لیے فوری مداخلت کرے اور فلسطینیوں کو بین الاقوامی تحفظ فراہم کیا جائے۔

اسرائیل کی انتہائی دائیں بازو کی نیتنیاہو حکومت اس حملے کی ذمہ دار ہے۔ فوٹو عرب نیوز

عرب پارلیمنٹ نے بھی ایک بیان میں اس حملے کی مذمت کی ہے اور اسرائیل کی انتہائی دائیں بازو کی بنجمن نیتن یاہو حکومت کو اس حملے کا ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے کشیدگی بڑھے گی جس سے امن کے حصول کی تمام کوششیں رائیگاں ہوجائیں گی۔
عرب پارلیمنٹ نے عالمی برادری، سلامتی کونسل اور امریکی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر مداخلت کر کے اسرائیل کی بڑھتی ہوئی کاررائیوں کو روکا جائے۔
 

شیئر: