Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکی گلوکارہ برٹنی سپیئرز اور اُن کے شوہر کے درمیان علیحدگی

کنزرویٹرشپ کے قانون کے تحت 13 برس تک برٹنی سپیئرز اپنے والد کی نگرانی میں رہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)
امریکہ کی معروف گلوکارہ برٹنی سپیئرز اور اُن کے شوہر کے درمیان علیحدگی ہوگئی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق شوبز میگزین ’ورائٹی‘ نے خبر دی ہے کہ امریکی پاپ سنگر برٹنی سپیئرز اور اُن کے شوہر سیم اصغری شادی کے 14 ماہ بعد الگ ہوگئے ہیں۔
برٹنی سپیئرز نے اپنی طلاق کے مراحل کے آغاز کے لیے ہالی وُڈ کے وکلا کی بڑی ٹیم کی خدمات حاصل کر لی ہیں۔
سنگر کے وکلا کی ٹیم میں لورا واسر سمیت میتھیو روزَن گرل بھی شامل ہیں جنہوں نے برٹنی سپیئرز کو اُن کے مشہور ’کنزرویٹرشپ‘ کیس سے بری کروایا تھا۔
دوسری جانب گلوکارہ کے شوہر سیم اصغری ایرانی نژاد امریکی ٹرینر، ماڈل اور اداکار ہیں جنہوں نے ’بلیک منڈیز‘ اور ’ہیکز‘ جیسے ٹی وی شوز میں کام کر رکھا ہے۔
سیم اصغری اور برٹنی سپیئرز 2016 میں گلوکارہ کے گانے ’سَلمبر پارٹی‘ کی میوزک ویڈیو کے سیٹ پر ملے تھے جس کے بعد سے دونوں ایک دوسرے کو ڈیٹ کر رہے تھے۔
سیم اصغری نے ستمبر 2021 میں برٹنی سپیئرز کو شادی کی پیش کش کی تھی جس کے بعد دونوں نے جون 2022 میں شادی کر لی تھی۔    
برٹنی سپیئرز پر کنزرویٹرشپ کیوں لگائی گئی؟
سنہ 2008 میں برٹنی سپیئرز کے ساتھ عجیب و غریب واقعات پیش آئے۔ انہوں نے ایک مرتبہ اپنا سر مکمل طور پر منڈھوا دیا، پھر ایک مرتبہ انہوں نے پاپارازی رپورٹر پر چھتری سے حملہ کر دیا اور پھر ایک مرتبہ گلوکارہ نے اپنے آپ کو اپنے ایک بچے کے ساتھ کمرے میں قید کر لیا۔ 
ان واقعات کے بعد عدالت نے اُن پر کنزرویٹرشپ کا قانون لاگو کیا جس کے بعد وہ ہر وقت اپنے والد جیمی سپیئرز کی نگرانی میں رہنے لگیں۔
واضح رہے کہ امریکی قانون کے مطابق جب کوئی شخص ذہنی یا جسمانی طور پر ٹھیک نہیں ہوتا تو اُس کے معاملات کو چلانے کے لیے اُس پر ایک نگران مقرر کیا جاتا ہے۔
اس قانون کے تحت برٹنی سپیئرز 13 برس تک اپنے والد کی نگرانی میں رہیں۔

شیئر: