جیدی بوناکولٹا نے اپنے شعبے میں صرف ساڑھے چھ برس کی قلیل مدت میں پانچ بار ترقی حاصل کی اور ’لنکڈ اِن‘ سے ’گوگل‘ کی ملازمت حاصل کرنے کا سفر کامیابی سے طے کیا۔
ان کی کامیابی کا راز دو سادہ مگر مؤثر سوالات میں پوشیدہ تھا جو وہ اپنے مینیجر سے اکثر پوچھا کرتی تھیں کہ ’میرے موجودہ عہدے کی ذمہ داریاں کیا ہیں؟‘ اور ’ایک درجہ ترقی ملنے کے بعد یہ ذمہ داریاں کیسے بدلیں گی؟‘
مزید پڑھیں
-
انسٹاگرام پر وائرل یہ ہانیہ عامر کی ہمشکل کون ہیں؟Node ID: 891690
کاروباری جریدے ’بزنس انسائیڈر‘ سے گفتگو کرتے ہوئے جیدی بوناکولٹا نے بتایا کہ اکثر ترقی تب ملتی ہے جب کوئی ملازم پہلے ہی اگلے درجے کی کارکردگی دکھا رہا ہوتا ہے۔ اسی سوچ کے تحت انہوں نے اپنے مینیجر کو نہ صرف اپنی پیشرفت سے باخبر رکھا بلکہ خود ہی اعلیٰ سطح کی ذمہ داریاں سنبھالنا شروع کر دیں۔
مثال کے طور پر جب وہ سیلز ٹیم میں ایسوسی ایٹ کے طور پر کام کر رہی تھیں تو صرف پریزنٹیشن تیار کرنے تک محدود نہیں رہیں بلکہ ان پریزنٹیشنز کو اعلیٰ افسران کے سامنے پیش بھی کرنے لگیں جو ان کے پیشہ وارانہ عہدے کے لحاظ سے غیر معمولی بات تھی۔
ان کی مستقل محنت اور اعلیٰ سطح کی کارکردگی کی بدولت پوری تنظیم میں انہیں سراہا گیا۔
کئی سینیئر افسران کو یہ جان کر حیرت ہوئی کہ وہ صرف ایک ایسوسی ایٹ تھیں کیونکہ ان کا اندازِ کام کسی مینیجر سے کم نہ تھا۔ یہ ہی وہ لمحات تھے جنہوں نے ان کی ترقی کی راہ ہموار کی۔
جیدی بوناکولٹا ترقی کی دوڑ میں اندھا دھند بھاگنے کے بارے میں خبردار بھی کرتی ہیں۔ ان کے مطابق ’ذاتی دلچسپی اور پیشہ ورانہ ترقی کے درمیان توازن ضروری ہے تاکہ ذہنی دباؤ اور تھکن سے بچا جا سکے۔‘
وہ کہتی ہیں کہ ’آپ کو متاثر ہونے کا احساس ہونا چاہیے۔‘
پیشہ ور افراد کو وہ یہ نصیحت کرتی ہیں کہ وہ اگلے مرحلے کی طرف بڑھنے کے باوجود اپنی موجودہ ذمہ داریوں کو نظرانداز نہ کریں۔
انہوں نے ان افراد کے لیے چار بنیادی اصول بھی بیان کیے جو تیز رفتاری سے ترقی چاہتے ہیں۔
’پہلا یہ کہ اپنے مینیجر سے بات کر کے ہر سطح کی ذمہ داریوں اور توقعات کی وضاحت حاصل کریں۔ دوسری بات یہ کہ خود سے اگلے درجے کی ذمہ داریاں سنبھالنے کی پہل کریں اور تیسرے نمبر پر یہ یقینی بنائیں کہ ترقی کی راہ آپ کی دلچسپی سے ہم آہنگ ہو تاکہ ذہنی دباؤ سے بچا جا سکے۔ موجودہ کام کو کبھی نظرانداز نہ کریں، چاہے آپ کتنے ہی پرجوش ہوں۔‘
گوگل میں شامل ہونے کے بعد بھی جیدی بوناکولٹا نے یہی اصول اپنائے اور اس بات پر زور دیا کہ اضافی منصوبوں پر کام کرنے سے پہلے موجودہ کردار میں مہارت حاصل کرنا ضروری ہے۔
ان کا سفر اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ ترقی کا تیز ترین راستہ یہ نہیں کہ کوئی آپ کو دیکھے اور پہچانے بلکہ یہ ہے کہ آپ یہ ظاہر کریں کہ آپ پہلے ہی اگلی سطح کے لیے تیار ہیں۔