امریکہ نے چپ بنانے والی کمپنی انٹیل میں 10 فیصد شیئرز خرید لیے
پیر 25 اگست 2025 5:45
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
حکومت نے 43 کروڑ 33 لاکھ حصص 20.47 ڈالر فی حصص کے حساب سے خریدے ہیں (فوٹو: انٹل)
امریکی حکومت نے معروف چپ ساز کمپنی انٹیل میں تقریباً 8.9 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرتے ہوئے دس فیصد حصے داری حاصل کر لی ہے۔
سی این این کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسے اپنی حکومت کی بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’امریکہ اب اس عظیم ٹیکنالوجی کمپنی کا اہم حصہ دار بن گیا ہے اور مستقبل میں بھی دیگر بڑی امریکی کمپنیوں کے ساتھ ایسے ہی معاہدے کیے جائیں گے۔‘
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ’انٹیل کے چیف ایگزیکٹیو لپ بو تان نے اس معاہدے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔‘ حالانکہ چند ہفتے قبل ٹرمپ نے چین کے ساتھ مبینہ تعلقات پر ان سے استعفے کا مطالبہ بھی کیا تھا۔
کمپنی کے جاری بیان کے مطابق امریکی حکومت کو انتظامی اختیارات یا بورڈ میں نمائندگی نہیں ملے گی بلکہ یہ ایک غیر فعال سرمایہ کاری ہوگی۔ حکومت نے 43 کروڑ 33 لاکھ حصص 20.47 ڈالر فی حصص کے حساب سے خریدے ہیں جو مجموعی طور پر کمپنی میں 9.9 فیصد ملکیت کے برابر ہیں۔
یہ سرمایہ کاری سائنس اینڈ چپس ایکٹ کے تحت دی گئی 5.7 ارب ڈالر کی گرانٹ اور محکمہ دفاع کے 3.2 ارب ڈالر سے کی گئی ہے۔
معاہدے کے اعلان کے بعد انٹیل کے حصص کی قیمت میں سات فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ انٹیل کے چیف ایگزیکٹیو نے کہا ہے کہ ’کمپنی جدید ٹیکنالوجی کی تیاری امریکہ میں یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔‘
امریکی وزیر خزانہ و وزیر تجارت نے کہا ہے کہ ’یہ معاہدہ امریکہ کی سیمی کنڈکٹر صنعت کو مضبوط کرے گا اور ملکی معیشت کے ساتھ ساتھ قومی سلامتی کو بھی فائدہ پہنچائے گا۔‘ تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ ’ابھی یہ واضح نہیں کہ یہ سرمایہ کاری انٹیل کی بنیادی تکنیکی مشکلات کو کس حد تک دور کرے گی، لیکن اسے امریکی ٹیکنالوجی کے لیے ایک اہم سنگ میل ضرور قرار دیا جا رہا ہے۔
