قطر میں سربراہی اجلاس میں قرار داد پر غور کیا جائے گا
’سربراہی کانفرنس میں اسرائیلی حملے سے متعلق ایک قرارداد پر بحث کی جائے گی‘ ( فوٹو: سبق)
قطری وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ دوحہ میں منعقد ہونے والی ہنگامی عرب، اسلامی سربراہی کانفرنس اسرائیلی حملے سے متعلق قرارداد پر غور کرے گی۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق وزارتِ خارجہ کے ترجمان اور وزیراعظم کے مشیر ماجد الانصاری نے قطر نیوز ایجنسی (قنا) کو بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’سربراہی کانفرنس میں اسرائیلی حملے سے متعلق ایک قرارداد پر بحث کی جائے گی‘۔
’یہ قرار داد عرب و اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ کے تیاری اجلاس کی طرف سے پیش کی گئی ہے، یہ اجلاس کل اتوار کو منعقد ہوگا‘۔
انہوں نے وضاحت کی کہ ’اس وقت میں عرب،اسلامی سربراہی کانفرنس کا انعقاد قطر کے ساتھ وسیع عرب و اسلامی یکجہتی کی عکاسی کرتا ہے تاکہ بزدلانہ اسرائیلی جارحیت کا مقابلہ کیا جا سکے اور ان ممالک کی جانب سے اسرائیل کی ریاستی دہشت گردی کو سختی سے مسترد کیا جا سکے‘۔