Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہانگ کانگ سکسز: انڈیا نے پاکستان کو ڈی ایل ایس کے تحت شکست دے دی

بارش کی وجہ سے انڈیا اور پاکستان کا میچ متاثر ہوا (فوٹو: تماشا ایپ)
ہانگ کانگ میں جاری سکسز ٹورنامنٹ میں انڈیا نے پاکستان کو ڈک ورتھ لوئس میتھڈ (ڈی ایل ایس) کے تحت دو رنز سے شکست دے دی ہے۔
جمعے کو ہانگ کانگ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا۔
انڈیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ چھ اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 86 رنز سکور کیے تھے۔
پاکستان کی جانب سے محمد شہزاد نے اپنے دو اوورز میں دو کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔
پاکستان کو جیت کے لیے مقررہ چھ اوورز میں 87 رنز درکار تھے تاہم پاکستان نے تین اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 41 رنز بنائے تو بارش کا آغاز ہو گیا۔
بارش کے باعث میچ روک دیا گیا تاہم بارش نہ رکنے کے سبب ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت انڈیا دو رنز سے میچ جیت گیا۔

ہانگ کانگ کرکٹ سکسز

ہانگ کانگ کرکٹ سکسز ایک سالانہ بین الاقوامی ٹورنامنٹ ہے جس میں چھ چھ کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیمیں حصہ لیتی ہیں۔ یہ مقابلہ کرکٹ ہانگ کانگ کے زیرِ انتظام ہوتا ہے اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے منظور شدہ ہے۔
ٹورنامنٹ کا مقصد شائقین کو تیز رفتار اور سنسنی خیز کرکٹ دکھانا ہے۔
اس کے خاص قوانین ایسے ہیں جو جارحانہ بیٹنگ اور زیادہ رنز بنانے کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ ہر کھلاڑی (وکٹ کیپر کے علاوہ) ایک اوور ضرور کرواتا ہے جس سے آل راؤنڈرز کو کھیل میں نمایاں کردار ادا کرنے کا موقع ملتا ہے۔
اب تک زیادہ تر ایڈیشنز کولون کرکٹ کلب میں منعقد کیے گئے ہیں تاہم سنہ 1996 اور 1997 کے مقابلے ہانگ کانگ سٹیڈیم میں منعقد ہوئے جبکہ سنہ 2024 کا ایڈیشن کولون کے مشن روڈ گراؤنڈ میں کھیلا گیا۔

شیئر: