Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جاپان: آگ کی لپیٹ میں آ کر 170 عمارتیں تباہ، ایک شہری لاپتہ

آگ کی لپیٹ میں آکر 170سے زائد عمارتیں تباہ ہوئیں (فوٹو: روئٹرز)
جاپان کے جنوب میں واقع ساحلی شہر میں شدید آگ نے تباہی مچا دی ہے اور 170 سے زائد عمارتوں کو اپنی لپیٹ میں لے کر خاکستر کر دیا ہے۔
خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق فائر فائٹر سروس نے بتایا ہے کہ جاپان کے جنوبی شہر اوئیتا کے علاقے سگانوسیکی میں منگل کی شام کو اچانک آگ بھڑک اُٹھی اور 170 سے زائد عمارتوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تاہم بدھ کی صبح تک اس پر پوری طرح سے قابو نہیں پایا جا سکا تھا۔
رپورٹ کے مطابق شہر اوئیتا دارلحکومت ٹوکیو سے تقریباً 770 کلومیٹر دور واقع ہے۔
آگ لگنے کے اس واقعے کے بعد علاقے کے تقریباً 175 رہائشیوں کو ریسکیو کر کے محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق آگ لگنے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی تاہم تحقیقات جاری ہیں جبکہ ایک شخص ابھی تک لاپتہ ہے۔
مقامی نشریاتی اداروں کی فضائی فوٹیج میں تباہ شدہ گھروں کے ملبے کے ڈھیر اور گھنے دھوئیں کے بادل دکھائی دیے جو ایک پہاڑی قصبے سے اٹھ رہے تھے۔ یہ قصبہ بندرگاہ پر واقع ہے۔
جاپانی وزیراعظم سانائے تاکائیچی کے مطابق اوئیتا کے گورنر کی درخواست پر فوج کا فائر فائٹنگ ہیلی کاپٹر بھی امدادی کارروائی میں بھیجا گیا ہے۔

شیئر: