پاکستان کی وزارت برائے اوورسیز پاکستانیز نے ہنرمند اور پڑھے لکھے ورکرز کو آگاہ کیا ہے کہ وہ جرمنی کے اپرچونٹی کارڈ کے حصول کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔
اس کے تحت وہ ملازمت کا لیٹر حاصل کیے بغیر جرمنی جا سکتے ہیں اور وہاں ایک سال کے دوران کسی کمپنی کے ساتھ باقاعدہ ملازمت حاصل کر کے مستقل رہائش اختیار کر سکتے ہیں۔
وزارت اوورسیز کے مطابق اپرچونٹی کارڈ جرمنی کا نیا امیگریشن کا راستہ ہے۔ اس کا مقصد غیر یورپی ملکوں سے آنے والے ہنرمند افراد کو جرمنی میں نوکری تلاش کرنے کے لیے داخلے کی سہولت دینا ہے۔
مزید پڑھیں
-
پنجاب میں خصوصی عدالتیں، اوورسیز مقدمہ کیسے دائر کر سکتے ہیں؟Node ID: 897219
عام ویزوں کے برعکس اس کے لیے پہلے سے نوکری کا لیٹر لازمی نہیں ہوتا۔
اپرچونٹی کارڈ رکھنے والے افراد جرمنی آکر قانونی طور پر رہتے ہوئے نوکری ڈھونڈ سکتے ہیں، انٹرویوز دے سکتے ہیں اور ٹرائل جاب بھی کر سکتے ہیں جس سے جرمن ایمپلائرز سے براہ راست رابطے کے امکانات بہتر ہو جاتے ہیں۔
اپرچونٹی کارڈ حاصل کرنے والے افراد کو ایک برس تک جرمنی میں قیام کی اجازت ملتی ہے تاکہ وہ اچھی اور موزوں نوکری تلاش کر سکیں۔
اس دوران وہ ہفتے میں 20 گھنٹے تک پارٹ ٹائم کام کر سکتے ہیں اور مختصر مدت کی ٹرائل ملازمتیں بھی کر سکتے ہیں۔
یہ نظام خاص طور پر اُن لوگوں کے لیے بنایا گیا ہے جن کے پاس اچھی قابلیت، تجربہ یا جرمن لیبر مارکیٹ میں کام کرنے کی مضبوط صلاحیت موجود ہو۔
جرمن اپرچونٹی کارڈ کیا ہے؟
جرمن اپرچونٹی کارڈ (Chancenkarte) ایک نسبتاً نیا اور لچکدار رہائشی ویزا ہے جو غیر یورپی یونین کے ہنرمند پیشہ ور افراد کو جرمنی میں داخل ہونے میں مدد دینے کے لیے بنایا گیا ہے، بغیر اس شرط کے کہ پہلے سے مکمل وقت کی ملازمت کی پیشکش موجود ہو۔
اس ویزے کے تحت آپ کو کسی مقررہ ملازمت کے معاہدے کی ضرورت نہیں ہوتی بلکہ آپ 12 ماہ تک جرمنی میں رہ کر ملازمت تلاش کر سکتے ہیں، ٹرائل ورک کر سکتے ہیں یا اپنے غیرملکی تعلیمی یا پیشہ ورانہ اہلیت کو تسلیم کرانے کے لیے انٹرن شپ یا آزمائشی عمل مکمل کر سکتے ہیں۔
اس دوران آپ جز وقتی کام (ہفتے میں 20 گھنٹے تک) بھی کر سکتے ہیں اور جب مناسب ملازمت مل جائے تو مستقل رہائش کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔

اپرچونٹی کارڈ حاصل کرنے کی اہلیت کیا ہے؟
اپرچونٹی کارڈ کے لیے اہل ہونے کے لیے درخواست گزار کو کچھ بنیادی شرائط پوری کرنا ہوتی ہیں۔
سرکاری چانسن کارٹے کے معیار کے مطابق آپ کے پاس کم از کم دو سالہ پیشہ ورانہ تربیت یا یونیورسٹی کی ڈگری ہونی چاہیے۔
مزید یہ کہ آپ کے پاس بنیادی زبان کی مہارت ہونی چاہیے جو یا تو جرمن (A1) یا انگریزی (B2) لیول تک آتی ہو۔ اس کے علاوہ آپ کو 12 ماہ کے قیام کے دوران اپنے اخراجات پورے کرنے کے لیے مالی وسائل ثابت کرنا ہوں گے۔
اگر آپ خودکار طور پر ہنرمند کارکن کے زمرے میں نہیں آتے تو پوائنٹس پر مبنی نظام استعمال کیا جاتا ہے۔ کارڈ حاصل کرنے کے لیے آپ کو کم از کم چھ پوائنٹس حاصل کرنا ضروری ہیں۔ پوائنٹس مختلف عوامل پر دیے جاتے ہیں جیسا کہ آپ کی اہلیت کا جزوی تسلیم ہونا، کام کا تجربہ، عمر اور کئی امور شامل ہیں۔
درخواست دینے کا طریقہ کیا ہے؟
اگر آپ پاکستان سے درخواست دے رہے ہیں تو یہ عمل جرمن ایمبیسی کے آن لائن قونصلر سروسز پورٹل کے ذریعے آسان بنایا گیا ہے۔
اپرچونٹی کارڈ کے لیے آپ کو اپنے تمام دستاویزات (ڈگری / پیشہ ورانہ سرٹیفکیٹ، زبان کا سرٹیفکیٹ، مالی ثبوت وغیرہ) اس پورٹل پر اپ لوڈ کرنا ہوں گے۔

سب سے اہم ثبوت مالی وسائل ہیں۔ فی الحال آپ کو یہ دکھانا ہوگا کہ آپ کے پاس کم از کم 13 ہزار سے زائد یورو موجود ہیں (یعنی تقریباً ایک ہزار بیس یورو فی مہینہ) جو بلاکڈ اکاؤنٹ، جرمنی میں کسی کی طرف سے رسمی ضمانت کے ذریعے ظاہر کیے جا سکتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ آپ کے پاس ہیلتھ انشورنس ہونا ضروری ہے جو پورے سال کے لیے قابلِ قبول ہو۔
تعلیمی اہلیت کے لیے جرمن مشن کو ثبوت کی ضرورت ہوتی ہے.
آپ اسلام آباد میں جرمن ایمبیسی یا کراچی میں قونصل خانے کے ذریعے درخواست دے سکتے ہیں، اس کا انحصار آپ کے اقامتی شہر پر ہے۔ حال ہی میں اسلام آباد ایمبیسی نے ویزا پروسیسنگ کو اپ ڈیٹ کیا ہے۔ کئی ورک ویزا کیٹیگریز (بشمول اپرچونٹی کارڈ) اب ڈیجیٹل طریقے سے پروسیس کی جاتی ہیں جو درخواست کے عمل کو تیز اور انتظار کی فہرست کو کم کرتی ہے.
قیام کے دوران کارڈ کیسے کام کرتا ہے؟
جب آپ کو اپرچونٹی کارڈ مل جائے اور آپ جرمنی پہنچ جائیں تو آپ کے پاس 12 ماہ کا مکمل قانونی رہائشی ویزا ہوگا جو ملازمت تلاش کرنے اور اہلیت تسلیم کرنے کے لیے مخصوص ہے۔ اس دوران آپ جز وقتی کام کر سکتے ہیں (ہفتے میں 20 گھنٹے تک) تاکہ اپنے اخراجات پورے کر سکیں۔
آپ کو ٹرائل ایمپلائمنٹ کرنے کی بھی اجازت ہے، ہر آجر کے لیے دو ہفتے تک، تاکہ یہ جانچا جا سکے کہ ملازمت آپ کے لیے موزوں ہیں۔
اگر قیام کے دوران آپ کو مناسب ملازمت مل جائے یا آپ کی اہلیت تسلیم ہو جائے تو آپ پھر دیگر رہائشی ویزے (مثلاً ورک پرمٹ یا ای یو بلیو کارڈ) کے لیے مقامی امیگریشن آفس کے ذریعے درخواست دے سکتے ہیں۔

پاکستانی پیشہ ور افراد کے لیے اپرجونٹی کارڈ میں کشش کیا؟
وزارت کا کہنا ہے کہ پاکستانی ہنرمند پیشہ ور افراد کے لیے اپرچونٹی کارڈ بہت پرکشش ہے۔
یہ جرمنی میں بغیر ملازمت کی پیشکش کے داخل ہونے کا جائز اور منظم طریقہ فراہم کرتا ہے جس کے ذریعے آپ کو ایک سال کی مدت ملتی ہے کہ آپ نیٹ ورکنگ کریں، ملازمت تلاش کریں اور مستحکم روزگار حاصل کریں۔
جزوقتی کام کرنے کی سہولت کی وجہ سے آپ اپنے اخراجات پورے کر سکتے ہیں اور مالی خطرہ کم ہوتا ہے۔ کارڈ مستقل رہائش کے لیے راستہ بھی فراہم کرتا ہے۔
جب آپ ملازمت حاصل کر لیں تو آپ مختلف ویزے کے لیے درخواست دے سکتے ہیں اور بعد میں مستقل رہائش کے لیے بھی درخواست دے سکتے ہیں۔












