سہ ملکی سیریز کے فائنل میں پاکستان نے سری لنکا کو چھ وکٹوں سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی ہے۔
سنیچر کو پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستان نے 115 رنز کا ہدف 18.4 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔
مزید پڑھیں
-
تین ملکی سیریز: پاکستان نے سری لنکا کو 7 وکٹوں سے شکست دے دیNode ID: 897502
پاکستان کی جانب سے بابرعظم ایک چھکے اور دو چوکوں کی مدد سے 37 رنز جبکہ عثمان خان تین رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
سری لنکا کی بیٹنگ لائن کے بعد بولنگ آرڈر بھی ناکام رہا۔
اس سے قبل سری لنکا پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 19.1 اوورز میں 114 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔ سری لنکا کی بیٹنگ لائن پاکستان کے سامنے بے بس نظر آئی، کامل مشارا کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی رنز نہ بنا پایا۔ وہ 59 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور محمد نواز نے تین تین جبکہ ابرار احمد نے دو وکٹیں اپنے نام کیں۔
پاکستان کی اننگز
پاکستان نے ہدف کے تعاقب کا آغاز کیا تو صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب کریز پر اترے۔
پاکستان کو پہلا نقصان صاحبزادہ فرحان کی صورت میں آٹھویں اوور کی تیسری گیند پر اس وقت ہوا جب ٹیم کا مجموعی سکور 46 رنز تھا۔ وہ ایک چھکے اور دو چوکوں کی مدد سے 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
صائم ایوب نے 36 رنز کی اننگز کھیلی اور 12 ویں اوور میں ونندو ہاسارنگا کی گیند پر وکٹ گنوا بیٹھے۔
اس کے بعد کپتان سلمان علی آغا 14 اور فخر زمان تین رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ بابراعظم ایک چھکے اور دو چوکوں کی مدد سے 37 رنز کے ساتھ اور عثمان خان تین رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
Pakistan clinch the T20I tri-series defeating Sri Lanka in the final in Rawalpindi#PAKvSL : https://t.co/MF3tvaLvQF pic.twitter.com/Vh4Emt8u2b
— ICC (@ICC) November 29, 2025
سری لنکا کی جانب سے پون رتنائیکے نے دو جبکہ ایشان ملنگا اور ونندو ہاسا رنگا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
سری لنکا کی اننگز
پاکستان کی دعوت پر سری لنکا نے اننگز کا آغاز کیا تو اسے پہلا نقصان پاتھم نسانکا کی صورت میں اس وقت ہوا جب ٹیم کا مجموعی سکور 20 تھا۔ وہ 11 انفرادی رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
سری لنکا کی جانب سے کامل مشارا نے چار چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 59 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور صائم ایوب کی گیند پر بابر اعظم کو کیچ تھما کر پویلین لوٹے۔
اس کے بعد کوشل مینڈس 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ان کے علاوہ سری لنکا کا کوئی بھی کھلاڑی ڈبل فیگر میں داخل نہیں ہو سکا۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور محمد نواز نے تین تین، ابرار احمد نے دو جبکہ سلمان مرزا اور صائم ایوب نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سیریز میں پاکستان نے چار میں سے تین میچز جیت کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا جبکہ سری لنکا کی ٹیم نے دو میچز میں فتح یاب ہونے کے بعد فائنل تک رسائی حاصل کی تھی۔
اس سے قبل سری لنکن ٹیم کو پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز میں تین صفر سے شکست ہوئی تھی۔
پاکستان کی پلیئنگ الیون
اس میچ میں پاکستان کی پلیئنگ الیون سلیمان علی آغا ( کپتان)، صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، بابر اعظم،فخر زمان، عثمان خان، محمد نواز، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، ابرار احمد اور سلیمان مرزا پر مشتمل تھی۔
سری لنکا کی پلیئنگ الیون
اس میچ میں سری لنکا کی پلیئنگ الیون داسن شانکا (کپتان)، پاتھم نسانکا، کامل مشارا، کوسل مینڈس، کوسل جینتھ پریرا، جینتھ لیانگے، پون رتنائیکے، ونندو ہاسارنگا، دشمنتھا چمیرا، ماہیش ٹھیکشانا اور ایشان ملنگا پر مشتمل تھی۔












