سرحدی لائن قریب جانا خلاف ورزی، قید و جرمانے کی سزا ہوگی، کوسٹ گارڈ
خلاف ورزی پر 30 ماہ قید اور25 ہزار ریال تک جرمانہ ہو سکتا ہے(فوٹو، ایکس اکاونٹ)
کوسٹ گارڈ نے خبرردار کیا ہے کہ تفریح یا ٹرافل پلانٹ ’الفقع‘ کی تلاش میں جانے والے سرحدی مقامات سے دور رہیں۔ خلاف ورزی پر قید و جرمانے کی سزا مقرر ہے۔
عاجل نیوز کے مطابق کوسٹ گارڈ کی جانب سے جاری انتباہ میں مزید کہا گیا ہے کہ قانونی طورپر سرحدی باڑ یا لائن کے قریب جانا ضوابط کی خلاف ورزی ہے ایسا کرنے والے کو 30 ماہ قید یا 25 ہزار ریال تک جرمانے کی سزا دی جاسکتی ہے۔
خلاف ورزی کی نوعیت کو دیکھتے ہوئے دونوں سزائیں بیک وقت بھی دی جاسکتی ہیں۔
قبل ازیں کوسٹ گارڈ کی جانب سے ان افراد کو خصوصی ہدایت کی گئی تھی جو موسم سرما میں ٹرافل بوٹی کی تلاش میں سرحدی علاقوں میں جاتے ہیں۔
اس حوالے سے کوسٹ گارڈ کا کہنا تھا کہ بوٹی کی تلاش میں جانے والے خود کو مشکل صورتحال میں مبتلا نہ کریں کیونکہ سرحدی ممنوعہ مقامات پر جانا قانونی خلاف ورزی ہے جس پر سزا مقرر ہے۔