ایرانی بندرگاہ کی ناکہ بندی توڑنے والے جہاز کو جنگی طیارے نے ناکارہ بنا دیا: امریکہ
امریکہ نے گذشتہ ماہ امن مذاکرات کی ناکامی کے بعد ایرانی بندرگاہوں کی ناکہ بندی کا اعلان کیا (فوٹو: روئٹرز)
امریکہ کا کہنا ہے کہ اس کے جنگی طیارے نے اس جہاز کو ناکارہ بنا دیا جو ایران کی بندرگاہوں کی ناکہ بندی توڑنے کی کوشش کر رہا تھا۔
فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق امریکی فوج نے بدھ کو کہا کہ امریکی بحریہ کے ایک جنگی طیارے نے ایک آئل ٹینکر کے اسٹیئرنگ (رڈر) کو فائرنگ کر کے ناکارہ بنا دیا، جو واشنگٹن کی ایران کی بندرگاہوں پر عائد ناکہ بندی کو توڑنے کی کوشش کر رہا تھا۔
یہ دوسرا موقع ہے جب امریکی فوج نے کسی جہاز پر فائرنگ کی ہے جس کے بارے میں کہا گیا کہ وہ ناکہ بندی کی خلاف ورزی کر رہا تھا، جو 13 اپریل سے نافذ ہے۔
سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے ایک بیان میں کہا کہ ’امریکی افواج نے ایرانی پرچم بردار ایم ٹی ’حسنا‘ کو، جو خالی تھا، خبردار کیا کہ وہ ناکہ بندی کی خلاف ورزی کر رہا ہے، لیکن عملے نے ماننے کرنے سے انکار کیا۔‘
’ لہٰذا ایک امریکی ایف/اے-18 سپر ہارنیٹ نے ’20 ملی میٹر توپ سے کئی راؤنڈ فائر کر کے ٹینکر کے رڈر کو ناکارہ بنا دیا، حسنا اب ایران کی طرف سفر نہیں کر رہا۔ ایرانی بندرگاہوں میں داخل ہونے یا وہاں سے نکلنے کی کوشش کرنے والے جہازوں کے خلاف امریکی ناکہ بندی مکمل طور پر نافذ ہے۔‘
19 اپریل کو سینٹ کام نے کہا تھا کہ ایک اور ایرانی پرچم بردار جہاز، ایم وی ’توسکا‘، نے ناکہ بندی توڑنے کی کوشش کی اور امریکی ڈسٹرائر کی متعدد وارننگز کو نظر انداز کیا، بالآخر امریکی جنگی جہاز نے عملے کو انجن روم خالی کرنے کا حکم دیا، جسے بعد میں پانچ انچ توپ سے کئی راؤنڈ مار کر ناکارہ بنا دیا گیا۔
تہران کی افواج نے 28 فروری کو ایران کے خلاف امریکی-اسرائیلی فضائی مہم کے آغاز کے بعد اہم آبنائے ہرمز کو مؤثر طور پر بند کر دیا جو تیل اور گیس کی ترسیل کا ایک کلیدی راستہ ہے۔ امریکہ نے گذشتہ ماہ پاکستان میں امن مذاکرات کی ناکامی کے بعد ایرانی بندرگاہوں کی ناکہ بندی کا اعلان کیا۔
