Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مہنگی ترین ڈیل ’آل اِن کیش‘، رائل چیلنجرز بینگلورو 1.78 ارب ڈالر میں فروخت، خریدار کون؟

معاہدے کے بعد آر سی بی کی مردوں اور خواتین ٹیمیں نئے کنسورشیم کی ملکیت میں ہوں گی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی مقبول ترین ٹیموں میں سے ایک رائل چیلنجرز بنگلورو (آر سی بی) ایک اعشاریہ 78 ارب ڈالر میں فروخت ہو گئی ہے جو کرکٹ کی تاریخ میں مہنگی ترین ڈیلز میں سے ایک ہے۔
کرک انفو کے مطابق یہ ’آل کیش‘ معاہدہ یونائیٹڈ سپرٹس لمیٹڈ (یو ایس ایل) کے بورڈ نے منظور کیا اور کمپنی کی جانب سے کیے گئے باضابطہ اعلان میں بتایا گیا ہے کہ فرنچائز کو ایک طاقتور کنسورشیم کے حوالے کیا جا رہا ہے۔
ٹیم کو خریدنے والے کنسورشیم میں آدتیہ برلا گروپ، ٹائمز آف انڈیا گروپ، بولٹ وینچرز (جو معروف سپورٹس سرمایہ کار ڈیوڈ بلٹزر کی ملکیت ہے) اور دنیا کی بڑی سرمایہ کار کمپنی بلیک سٹون شامل ہیں۔
یہ تمام ادارے مختلف شعبوں میں عالمی سطح پر مضبوط موجودگی رکھتے ہیں، جس سے آر سی بی کے برانڈ اور کاروباری مواقع میں مزید وسعت کی توقع کی جا رہی ہے۔
معاہدے کے تحت آر سی بی کی مرد اور خواتین دونوں ٹیمیں، جو اب تک رائل چیلنجرز سپورٹس پرائیویٹ لمیٹڈ کے تحت چل رہی تھیں، اب مکمل طور پر نئے کنسورشیم کی ملکیت اور انتظام میں ہوں گی۔
تاہم اس ڈیل کو حتمی شکل دینے کے لیے انڈین کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) اور کمپیٹیشن کمیشن آف انڈیا (سی سی آئی) کی منظوری ابھی باقی ہے۔
ریکارڈ قیمت
یہ معاہدہ اس لحاظ سے بھی تاریخی ہے کہ اس کی مالیت 2021 میں بی سی سی آئی کی جانب سے فروخت کی گئی لکھنؤ اور احمد آباد فرنچائزز کی مجموعی قیمت (12,715 کروڑ  انڈین روپے) سے بھی زیادہ ہے۔
واضح رہے جب 2008 میں آئی پی ایل کا آغاز ہوا تو آر سی بی کو وجے مالیا کے یونائیٹڈ بریوریز گروپ نے 111.6 ملین ڈالر میں خریدا تھا، جو اس وقت کی دوسری مہنگی ترین ٹیم تھی۔
بعد ازاں 2023 میں ویمنز پریمیئر لیگ (ڈبلیو پی ایل) میں بنگلورو فرنچائز کو 901 کروڑ روپے میں حاصل کیا گیا، جو خواتین لیگ کی مہنگی ٹیموں میں شامل تھی۔

یو ایس ایل کے سی ای او پروین سومیشور کے مطابق آر سی بی آئی پی ایل اور ویمنز لیگ کی کامیاب اور مضبوط فرنچائز بن چکی ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

فروخت کی وجہ کیا تھی؟
گزشتہ برس نومبر میں عالمی مشروبات کمپنی ڈیاجیو، جو یو ایس ایل کی مالک ہے، نے اعلان کیا تھا کہ وہ آر سی بی میں اپنی سرمایہ کاری کا ’سٹریٹجک ریویو‘ کر رہی ہے۔
کمپنی کے مطابق کرکٹ اس کے بنیادی کاروبار کا حصہ نہیں، اس لیے وہ اس اثاثے کو فروخت کرنے پر غور کر رہی تھی۔ بعدازاں اس نے 31 مارچ تک فروخت مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا۔
نئی قیادت کا اعلان
کنسورشیم نے اعلان کیا ہے کہ آریامن برلا کو چیئرمین جبکہ ٹائمز آف انڈیا گروپ کے ستیان گجوانی کو نائب چیئرمین مقرر کیا جائے گا۔
کنسورشیم  کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’آر سی بی کی چیمپئن شپ کلچر سے قریب تر ہونے، بنگلورو سے گہرے تعلق اور پرجوش مداحوں کی وجہ سے ایک منفرد ایونٹ بن جاتی ہے اور ہم ٹیم کو میدان اور اس سے باہر بھی نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے پُرعزم ہیں۔‘
موجودہ مالک کا ردعمل
یو ایس ایل کے منیجنگ ڈائریکٹر اور سی ای او پروین سومیشور نے کہا کہ آر سی بی آئی پی ایل اور ویمنز پریمیئر لیگ کی سب سے کامیاب اور تجارتی طور پر مضبوط فرنچائزز میں سے ایک بن چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’پلے بولڈ‘ فلسفے کے تحت ٹیم نے ایک عالمی برانڈ اور مضبوط فین بیس قائم کی ہے اور انہیں امید ہے کہ نئی قیادت میں یہ سفر مزید ترقی کرے گا۔

شیئر: