مصنوعی ذہانت اور انسانی جذبات کا انوکھا سنگم، ٹک ٹاک پر اے آئی سیریز ’فروٹ لوو آئی لینڈ‘ کی دھوم
ہفتہ 4 اپریل 2026 5:43
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
ٹک ٹاک سیریز ’فروٹ لوو آئی لینڈ‘ مشہور شو ’لوو آئی لینڈ‘ سے متاثر ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
لاکھوں لوگ مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے بنائی گئی ایک ٹک ٹاک سیریز ’فروٹ لوو آئی لینڈ‘ دیکھ رہے ہیں، جو مشہور شو ’لوو آئی لینڈ‘ سے متاثر ہے لیکن اس میں تمام کردار خوبصورت انسان جیسے پھل ہیں۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق اس سیریز میں عجیب مگر دلچسپ کردار دکھائے گئے ہیں، جن میں ’اسٹرابیرینا‘ اور کھلی شرٹ والا مضبوط ’بنانیتو‘ شامل ہیں۔
یہ کہانی ریالیٹی شوز کی نقل کرتی ہے جیسے محبت کے چکر اور دوبارہ جوڑیاں بنانا۔
ہر ویڈیو کی میزبانی ایک سبز سیب کرتا ہے اور سب سے مشہور ویڈیو ’قسط نمبر 15 نئی ملاقاتیں، نئے شک‘ کو دو ہفتوں میں تین کروڑ 90 لاکھ بار دیکھا جا چکا ہے۔
سنہ 2025 کے یورو ویژن سانگ مقابلے کو 16 کروڑ 60 لاکھ لوگوں نے دیکھا تھا۔
کچھ افراد ان ویڈیوز کو ’اے آئی سلوپ‘ کہتے ہیں یعنی ایسا کم معیار کا مواد جو صرف زیادہ لوگوں کو متوجہ کرنے کے لیے جلدی جلدی بنایا جاتا ہے۔
لیکن ماہرین کا کہنا ہے کہ لوگ ایسا مواد پسند کرتے ہیں جو انہیں کچھ دیر کے لیے ہنسنے اور سکون محسوس کرنے کا موقع دے۔
لیڈز یونیورسٹی کی لیکچرر لڈمیلا لوپیناچی کا کہنا ہے کہ ’لوگ ایسے مواد کو دیکھنا چاہتے ہیں جو انہیں چند منٹ کے لیے ہنسائے یا آرام دے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’سوشل میڈیا پر ہمیں اکثر پریشان کن اور منفی چیزیں بھی نظر آتی ہیں، اس لیے لوگ ہلکا پھلکا مواد دیکھنا چاہتے ہیں۔‘
یہ سیریز مارچ کے وسط میں ’اے آئی سنیما‘ نامی اکاؤنٹ نے شروع کی لیکن یہ معلوم نہیں کہ اسے کون چلا رہا ہے۔
بدھ کو نشر ہونے والی آخری قسط کے ساتھ لکھا گیا تھا کہ ’دیکھنے کا شکریہ، یہ ایک دلچسپ تجربہ تھا۔‘
اس سیریز کی مقبولیت کے بعد ٹک ٹاک پر کئی جعلی اکاؤنٹس بھی بن گئے ہیں جو اسی طرح کی ویڈیوز بنا رہے ہیں، جبکہ کچھ اصل ویڈیوز ہٹا بھی دی گئی ہیں۔
