Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

برلن میں دنیا کی معمر ترین گوریلا فاتو کی 69ویں سالگرہ

زیادہ عمر ہونے کی وجہ سے فاتو کے دانت گر چکے ہیں (فوٹو: اے پی)
برلن چڑیا گھر میں ایک خاص اور پیاری سالگرہ منائی گئی جہاں دنیا کی سب سے عمر رسیدہ مادہ گوریلا فاتو نے اپنے 69 سال مکمل کر لیے۔
عمر کے اس حصے میں بھی فاتو سب کی توجہ کا مرکز بنی رہی اور اس کے لیے ایک مزیدار اور صحت بخش دعوت کا اہتمام کیا گیا جس نے اس دن کو اور بھی یادگار بنا دیا۔
پیر کے روز اس کی خصوصی دعوت میں چیری ٹماٹر، چقندر، لیکس اور لیٹش شامل تھے۔
خبر رساں ایجنسی اے پی کے مطابق اس کی عمر کو مدنظر رکھتے ہوئے اسے سالگرہ کا کیک نہیں دیا گیا کیونکہ چینی اس کی صحت کے لیے مناسب نہیں ہے۔
فاتو ایک ویسٹرن لو لینڈ گوریلا ہے جو سنہ 1959 میں اُس وقت کے مغربی برلن پہنچی تھی۔ اندازہ ہے کہ اس وقت اس کی عمر تقریباً دو سال تھی تاہم اس کی اصل تاریخِ پیدائش معلوم نہیں۔ اسی لیے 13 اپریل کو اس کی سالگرہ مقرر کی گئی ہے۔
عام طور پر جنگل میں گوریلا 35 سے 40 سال تک زندہ رہتے ہیں جبکہ چڑیا گھر میں ان کی عمر زیادہ ہو سکتی ہے۔
سنہ 2024 میں فاتو چڑیا گھر کی سب سے معمر رہائشی بن گئی، جب فلیمنگو انگو کی موت واقع ہوئی، جس کی عمر کم از کم 75 سال بتائی جاتی ہے۔
رپورٹس کے مطابق فاتو غالباً مغربی افریقہ کے جنگلات میں پیدا ہوئی تھی تاہم ایک فرانسیسی ملاح اسے افریقہ سے لے آیا اور فرانس کے شہر مارسیئے میں مبینہ طور پر بار کے بل کے بدلے میں دے دیا۔ بعد ازاں ایک جانوروں کے تاجر نے اسے برلن چڑیا گھر کو فروخت کر دیا۔

عام طور پر جنگل میں گوریلا 35 سے 40 سال تک زندہ رہتے ہیں جبکہ چڑیا گھر میں ان کی عمر زیادہ ہو سکتی ہے (فوٹو: اے پی)

اب فاتو اپنی عمر کے باعث الگ احاطے میں رہتی ہے اور دیگر گوریلاؤں سے فاصلے پر رہنا پسند کرتی ہے۔ اس کے دانت گر چکے ہیں اور اسے گٹھیا اور سماعت کی کمزوری کا بھی سامنا ہے۔
چڑیا گھر کے حکام کے مطابق فاتو نگہداشت کرنے والوں کے ساتھ دوستانہ رویہ رکھتی ہے اگرچہ کبھی کبھار ضدی بھی ہو جاتی ہے۔ 69 سال کی عمر میں فاتو واقعی ایک منفرد اور قابلِ ذکر زندگی گزار رہی ہے۔

شیئر: