Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکی بحریہ نے ناکہ بندی جاری رکھی تو بحیرۂ احمر کو بند کر دیں گے: ایرانی فوج

صدر ٹرمپ نے اتوار کو اعلان کیا تھا کہ ’امریکی بحریہ فوری طور پر آبنائے ہُرمز کی ناکہ بندی شروع کر دے گی‘ (فائل فوٹو گیٹی)
ایران کی فوج نے خبردار کیا ہے کہ ’اگر امریکہ کی بحری ناکہ بندی جاری رہی تو وہ بحیرۂ احمر، خلیج عرب اور بحیرۂ عمان کے ذریعے ہونے والی تجارت کو بند کر دے گا۔‘
یہ بیان ایران کے خاتم الانبیا مرکزی ہیڈکوارٹرز کے کمانڈر علی عبداللہی کی جانب سے ایرانی سرکاری ٹی وی پر بدھ کو نشر کیا گیا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’اگر امریکہ اپنی ناکہ بندی جاری رکھتا ہے اور ایران کے تجارتی جہازوں اور تیل بردار ٹینکروں کے لیے عدم تحفظ پیدا کرتا ہے تو اسے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ابتدا سمجھا جائے گا۔‘
خاتم الانبیا مرکزی ہیڈکوارٹرز کے کمانڈر نے مزید کہا کہ ’ایران کی طاقتور مسلح افواج خلیجِ عرب، بحیرۂ عمان اور بحیرۂ احمر میں کسی قسم کی درآمدات یا برآمدات جاری رکھنے کی اجازت نہیں دیں گی۔‘
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اتوار کو اعلان کیا تھا کہ ’امریکی بحریہ فوری طور پر آبنائے ہُرمز کی ناکہ بندی شروع کر دے گی۔‘
اس بیان سے امریکہ کے ایران کے ساتھ ناکام مذاکرات کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی اور دو ہفتوں کی نازک جنگ بندی کو بھی خطرہ لاحق ہو گیا۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’امریکی بحریہ آبنائے ہُرمز میں داخل ہونے اور وہاں سے نکلنے والے تمام جہازوں کی ناکہ بندی کرے گی، جبکہ بین الاقوامی پانیوں میں اُن تمام بحری جہازوں کو بھی روکا جائے گا جنہوں نے ایران کو ٹول ادا کیا ہے۔‘
امریکی صدر نے یہ بھی دعویٰ کیا تھا کہ ’ایران کی جانب سے آبنائے ہُرمز میں بچھائی گئی بارودی سرنگوں کو بھی تباہ کیا جائے گا۔‘
انہوں نے خبردار کیا کہ ’کسی بھی ایرانی کی جانب سے امریکی افواج یا پُرامن جہازوں پر حملہ کیا گیا تو سخت جواب دیا جائے گا۔‘

شیئر: